لاہور (نیوز ڈیسک ) مولانا فضل الرحمان کا مشن ناکام ہوگیا، نواز شریف اور آصف زرداری نے حکومت گرانے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف اور آصف زرداری سے ہونے والی حالیہ ملاقاتوں سے متعلق اندرونی کہانی بیان کی گئی ہے۔ نجی ٹی
وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری اور سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے۔عارف نظامی کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری دونوں رہنما اس وقت حکومت کیخلاف فوری کوئی تحریک نہیں چلانا چاہتے۔عارف نظامی کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا ہے کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے، جبکہ وہ ابھی کیسز میں بھی الجھے ہوئے ہیں، جیسے ہی وہ اپنے کیسز سے فارغ ہوں گے، تب ہی وہ حکومت مخالف تحریک سے متعلق کچھ فیصلہ کریں گے۔ جبکہ آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے کہا ہے کہ ابھی رمضان آ رہا ہے، پھر اس کے بعد محرم آ جائے گا، اس لیے فی الحال کسی تحریک کا آغاز ممکن نہیں۔ عارف نظامی کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی کوشش ہے کہ عوام خود موجودہ حکومت کیخلاف سڑکوں پر آجائے۔