Sunday May 5, 2024

کراچی میں پولیس نے لوگوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

کراچی میں پولیس نے لوگوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

کراچی میں پاکستان کواٹرز میں جاری پولیس کے آپریشن پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر پولیس کو ہٹانے کا حکم جاری کر دیاہے جس کے بعد پولیس اہلکار پیچھے ہٹ گئے ہیں اور آپریشن کو روک دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات وزیراعلیٰ سندھ نے ایک بیان میں کہاہے کہ مراد علی شاہ نے پولیس کے لاٹھی چارج کا نوٹس لیتے ہوئے وہاں سے ہٹانے کا حکم جاری کر دیاہے اور کہاہے کہ فوری طور پر لاٹھی چارج بند کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی کو ٹیلیفون کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اورمعاملے پر رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے پاکستان کواٹرز میں کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیاہے ۔سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر پاکستان کوارٹر میں گھروں کو خالی کرانے کے متوقع آپریشن کی اطلاع پر پاکستان کوارٹر کے مکینوں نے احتجاج شروع کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی،احتجاج میں خواتین مرد اور بچے بھی شامل ہیں ۔پولیس نے علاقے میں پہنچ کر کواٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی اور وہ کامیاب بھی ہو گئے تاہم علاقہ مکینوں کی جانب سے سخت رد عمل دیکھنے میں آیا اور علاقہ مکینوں نے پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستے رکاوٹیں لگاکربندکردیے ہیں جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چار جی کیا جب اس سے بھی کوئی نتیجہ حاصل نہ ہوا تو واٹرکینن مصروف عمل لائے گئے اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے لیکن مظاہرین ڈٹے رہے اور انہوں نے جواب دیتے ہوئے پتھراؤ کیا ۔تاہم اب پولیس کو خود پیچھا ہٹنا پڑ گیاہے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما عامر خان اور کنور نوید جمیل کے علاوہ فاروق ستار اور پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمال صدیقی بھی مظاہرین سے ہمدردی کے لیے پہنچے۔

FOLLOW US