گھناؤنے فعل پر پشیمانی کی بجائے 70 سالہ شخص نے 40 ہزار رشوت کی آفر کر دی کراچی میں ایک 70 سالہ اُدھیڑ عمر شخص کی کم سن بچی کو ہراساں کرنے کی کوشش قصور میں ننھی زینب سے زیادتی اور قتل کے واقعہ نے جہاں ملک بھر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے وہیں ملک بھر سے ایسے کئی واقعات سننے میں آ رہے ہیں۔ حال ہی میں کراچی کے
علاقہ شیر شاہ میں ایک 70 سالہ اُدھیڑ عمر شخص نے کم سن بچی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ لیکن مقامی لوگوں نے اُدھیڑ عمر شخص کو یہ گھناؤنا فعل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جس کے بعد اس کی خوب درگت بنائی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک خاتون اس 70 سالہ شخص پر طمانچوں کی بارش کر رہی ہے ۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خاتون کے غصے کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ یہ متاثرہ بچی کی سرپرست ہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اس 70 سالہ شخص نے جان خلاصی کے لیے مقامی افراد کو 40 ہزار روپے رشوت دینے کی پیشکش بھی کی۔ اپنے کیے پر پشیمانی ہونے کی بجائے مذکورہ شخص نے مقامی افراد سے کہا کہ اسے جانے دیا جائے ۔ لیکن مقامی افراد نے اُدھیڑ عمر شخص کو چھوڑنے کی بجائے اس پر لاتوں اور گھونسوں کی خوب بارش کی۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین میں بھی شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اگر اتنی عمر کے شہریوں کے ہاتھوں بھی مائیں ، بہن اور بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں تو پھر معاشرے میں بگاڑ پیدا ہونا اور ہماری اخلاقیات کا مزید گرنا طے ہے۔