Saturday October 19, 2024

خاور مانیکا کی گاڑی روکنے پرعہدے سے ہٹائے جانیوالے ڈی پی او کو ایک بار پہلے بھی چوہدری نثار کس وجہ سے معطل کر چکے ہیں؟ حیران کن انکشاف

لاہور، پاکپتن(نیوزڈیسک) خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی گاڑی روکنے کے معاملے پر معطل ہونے والے ڈی پی او رضوان گوندل کو اس سے قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی ایک مرتبہ معطل کیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق جون 2016 میں چوہدری نثار نے رضوان گوندل کو فائیو سٹار ہوٹل کی انتظامیہ کے ساتھ بدتمیزی اور مبینہ

دھمکیاں دینے کے الزام پر معطل کیا تھا ۔ایک شہری کی جانب سے سابق وزیر داخلہ کو شکایت کی گئی کہ رضوان گوندل نے معمولی مسئلے پر ہوٹل کی انتطامیہ کی تذلیل اور ہوٹل کے منیجر کو گرفتار کرتے ہوئے غیر قانونی طور لمبے عرصہ تک حبس بے جا میں رکھا ۔چوہدری نثار نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ان الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا اور انکوائری میں رضوان گوندل پر لگنے والے الزامات درست ثابت ہوئے جس پر چوہدری نثار نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے اور انہیں فوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا اور انہیں اسٹبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ۔چوہدری نثار نے اس معاملے پر کہا تھا کہ پولیس افسر کی اس حرکت کے باعث اسلام آباد پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے ۔واضح رہے کہ خاور مانیکا کی گاڑی کو 23 اگست کو روکا گیا لیکن وہ نہ رکے، جب زبردستی خاور مانیکاکی کارکو روکاگیاتوانہوں نے غلیظ زبان استعمال کی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او اور ڈی پی او کو جمعہ کو طلب کیا تھا اور معاملہ رفع دفع کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن ڈی پی او نے ڈیرے پر جا کر معافی مانگنے سے انکار کردیا اور موقف اپنایا کہ پولیس کا کوئی قصور نہیں، معافی نہیں مانگ سکتا اور اپنے موقف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی آگاہ کردیا جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا کر اوایس ڈی بنا دیا گیا۔

FOLLOW US