Tuesday October 22, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج : عثمان بزدار بمقابلہ حمزہ شہباز ۔۔۔۔ نمبر گیم میں کون آگے ہے ؟ جیت کس کا مقدر بننے والی ہے ؟ پیشگوئی کردی گئی

لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، اس حوالے سے تحریک انصاف کے نامزد امید وار سردار عثمان بزدار اور ن لیگ کے حمزہ شہباز شریف میں مقابلہ ہوگا۔دونوں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلئے گئے ۔تحریک انصاف کو عددی برتری حاصل ہے ۔اس مقصد کیلئے پنجاب اسمبلی کا

اجلاس آج صبح گیارہ بجے طلب کرلیاگیا۔اجلاس کی صدارت چودھری پرویز الٰہی کریں گے ، پنجاب اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب ایوان کی ڈویژن کے ذریعے ہوگا،دو نوں امیدواروں کے لیے ایک ایک لابی بنائی جائے گی، اس کے حمایت یافتہ ارکان اپنی متعلقہ لابی میں چلے جائیں گے جس کے بعد ان کی تعداد گنی جائے گی۔تحریک انصاف کے پاس مخصوص نشستوں سمیت 176 اور اتحادی مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد10ہے ۔کامیابی کیلئے 178ارکان کی حمایت درکار ہے ۔مسلم لیگ ن کے اپنے 162 اراکین ہیں جن میں سے دو ارکان حج پر گئے ہیں جبکہ ایک رکن نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا ،اس طرح ن لیگ کے ارکان کی تعداد159ہے ۔پیپلز پارٹی کے ایوان میں 7اراکین ہیں مگر پارٹی نے انتخابی عمل سے لاتعلق رہنے کا فیصلہ کیاہے ۔ہفتہ کی دوپہر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے آئے توسردار عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ کا پروٹوکول دیا گیا اور اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کی جانب سے اسمبلی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیااور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ اراکین اسمبلی نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے عمران خان کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ عمران خان کا وژن غریبوں کے لئے کام کرناہے ، الگ صوبے کے لئے تھوڑا انتظار کرنا ہوگا ۔نئے پاکستان کے لئے جو ٹاسک دیا گیا اسے ہر صورت پورا کریں گے ۔

سردار عثمان بزدار پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 286 ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27 ہزار 27 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ، یہ ڈی جی خان کے قبائلی علاقے بارتھی سے تعلق رکھتے ہیں اور قبائلی سردار فتح محمد خان بزدار کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی مجتبیٰ شجا ع الرحمان نے جمع کرائے ۔میڈیا سے گفتگو میں مجتبیٰ شجاع نے کہاکہ پنجاب حکومت چار رکنی کمیٹی چلائے گی۔لاہور میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس سے وزیر اعظم عمران خان نے ٹیلی فونک خطاب بھی کیا۔عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار پر بہت ورکنگ کی، وہ مایوس نہیں کرینگے ۔اس موقع پر نامزد وزیر اعلٰی عثمان بزدار نے کہاکہ قیادت کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائونگا،دنوں میں تبدیلی لائونگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ امیدہے عثمان بزداربھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے ۔ہم سب نے پی ٹی آئی اورعمران خان کے نام پرووٹ حاصل کیے ۔ہم سب عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔سردار عثمان بزدارکو کامیاب کرائیں گے۔ہفتہ کی شام ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس حمزہ شہباز کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ فیصلہ کیاگیا کہ آج پنجاب اسمبلی میں بھرپوراحتجاج کیاجائے گا،یہ احتجاج ووٹنگ کے دوران شروع کیاجائے گا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی قیمت پر جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن دھاندلی کی تحقیقات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کی رات کو چوری ہونے والے ووٹوں کا حساب چاہتے ہیں ۔بہت ہو چکا اب ملک میں مینڈیٹ تبدیل ہونے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔اس موقع پر رانا اقبال ، منشا اللہ بٹ،چودھری اقبال گجر اور دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں بھر پور طریقہ سے شرکت کریں گے ، پی ٹی آئی کا وزیر اعلیٰ زیادہ دیر نہیں چل سکے گا اورانہیں تبدیل کر دیا جائے گا ۔

FOLLOW US