اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بہنوں کی عدم شرکت، سربراہ تحریک اںصاف نے اپنے دونوں صاحبزادوں کو بھی تقریب میں شرکت سے روک دیا تھا، قریبی رشتے داروں کو مدعو نہ کرنے پر مختلف چہ مگوئیاں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے
ہفتے کے روز ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم عمران خان سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔ اس سے قبل عمران خان گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم منتخب کیے گئے تھے۔ تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کے 176 اراکین نے ووٹ دے کر وزیراعظم منتخب کیا۔ہفتے کے روز ایوان صدر میں ہونے والی وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں عمران خان کی جانب سے کئی خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ان مہمانوں میں 1992 ورلڈکپ جیتنے والی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت کئی اہم شخصیات شامل تھیں۔ تاہم حیران کن طور پر وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سوائے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے، دیگر کوئی رشتے دار شریک نہیں ہوا۔ اس حوالے سے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود اپنی بہنوں کو تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے مدعو نہیں کیا۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دونوں صاحبزادوں کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے روک دیا تھا۔ اس حوالے سے عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا تھا کہ ان کے صاحبزادے اپنے والد کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے پانے کے باعث مایوسی و افسردگی کا شکار ہیں۔ جبکہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی بہنوں اور صاحبزادوں کو تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ضرور مدعو کرنا چاہیئے تھا۔