Wednesday October 23, 2024

عمران خان کی ملٹری سیکرٹری کے گھر رہائش۔۔۔ مگر ملٹری سیکرٹری کہاں رہیں گے؟ جانیے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وزیراعظم ہاﺅس میں قیام سے انکار کے بعد ان کو ملٹری سیکرٹری کی رہائش گاہ فراہم کردی گئی جبکہ ملٹری سیکرٹری کو وزیراعظم ہاﺅس میں بنگلہ نمبر دو فراہم کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے ملک میں پروٹوکول کے خاتمے اور،

سادگی کو پروموٹ کرنے کے حوالے سے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ وزیراعظم ہائوس میں کبھی بھی قیام نہیں کریں گے وہ منسٹر انکلیو میں رہنے کو ترجیح دیں گے تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انہیں منسٹر انکلیو میں رہائش اختیار کرنے سے روک دیا گیا ۔بالاخر یہ فیصلہ کیا گیا کہ وہ وزیراعظم ہاﺅس میں ملٹری سیکرٹری کے 4 کنال کے بنگلہ نمبر ایک میں رہیں گے اور انہیں وہ رہائش گاہ فراہم بھی کردی گئی جبکہ ملٹری سیکرٹری کو وزیراعظم ہاﺅس میں بنگلہ نمبر 2 فراہم کردیا گیاہے۔ جبکہ دوسری جانب عمران خان نے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیر اعظم سے حلف لیا۔ تقریب پی ٹی آئی کے کور گروپ کے اراکین، دوست احباب، 92 کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم کے اراکین اور پارٹی کے بعض اہم عہدیدار شریک ہوئے، بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی تقریب میں موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان کی ایوان صدر آمد بھی دبنگ انداز میں ہوئی، صرف 7 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ پہنچے۔ ایوان صدر پہنچے تو وہاں موجود افسران نے ان کا استقبال کیا۔ میڈیا نمائندگان کو مسکرا کر ہاتھ ہلایا۔ حلف برداری سے پہلے انہوں نے کالی شیروانی کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، شیرانی ان پر خوب جچ رہی تھی۔

عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ، ایئرچیف اور نیول چیف شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کے اہم رہنما جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیریں مزاری، عمران اسماعیل، فردوش عاشق اعوان بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے۔ نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی عوام کی امنگوں پر پورا نہیں اتریں، میرا نظریہ تھا عمران خان کا ساتھ دو اور تبدیلی قافلے میں شامل ہوجاؤں۔ انہوں نے کہا ملک میں تبدیلی آئی اور عمران خان آج وزیراعظم پاکستان بن گئے ہیں، ہمیشہ کہا عمران خان کا نائب کپتان ہوں، کابینہ آج حلف نہیں لے گی، آج وزیراعظم حلف لیں گے، وہ جانتے ہیں نائب کپتان کو کیا کردار دینا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج میرے تاثرت زبان پر نہیں آرہے، مجھے اتنی خوشی ہے، اللہ تعالیٰ اس ملک کو ترقی دے۔ انہوں نے کہا ہم ملک کی ترقی کیلئے انتھک محنت کریں گے، پورے ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، ہماری نیت صاف ہے اور محنت کرنے کا ارادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا میں 21 اگست کو ملک سے باہر جا رہا ہوں، اب گھر بیٹھوں گا۔

FOLLOW US