Thursday October 24, 2024

وزیراعظم پاکستان کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کب ہو گی؟ اسپیکر قومی اسمبلی نے شیڈول تبدیل کر دیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا، وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال جمعرات کے روز مکمل کی جائے گی، جبکہ انتخاب کیلئے ووٹنگ جمعہ کے روز ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد اقتدار کی مرحلہ وار منتقلی کا آغاز ہوگیا ہے۔اس

سلسلے میں بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب کر لیے گئے۔ جبکہ بعد ازاں کروائی جانے والی رائے شماری میں تحریک انصاف کے ہی قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کر لیے گئے۔ اسد قیصر نے 176 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔جبکہ قاسم سوری نے کل 183 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔قاسم سوری کے مقابلے میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے الیکشن لڑنے والے اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسد محمود اپوزیشن کے کل 146 ووٹوں میں سے 144 ووٹ حاصل کر پائے۔ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد اب اگلا اور اہم ترین مرحلہ وزیراعظم کے انتخاب کا ہے۔اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اسد قیصر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال جمعرات کے روز مکمل کی جائے گی۔ جبکہ کاغذات کی جانچ پرتال کے بعد انتخاب کیلئے ووٹنگ جمعہ کے روز ہوگی۔ تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کیلئے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ جبکہ اپوزیشن جماعتیں ممکنہ طور پر متفقہ امیدوار میدان میں لائیں گی۔ ممکنہ طور پر شہباز شریف اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔

FOLLOW US