Saturday October 26, 2024

قومی اسمبلی میں کل 13میں سے کتنے آزاد ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا؟ عمران خان خوشی سے نہال

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حالیہ عام انتخابات میں کل 13آزاد امیدوار جیت کر قومی اسمبلی پہنچے جن میں سے 9تحریک انصاف میں شامل ہو گئے لیکن باقی چار نے اپنی آزاد حیثیت ہی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق جیتنے والے آزاد امیدواروں میں سے 9کا تعلق پنجاب سے تھا جو سب کے سب تحریک انصاف میں شامل ہو گئے اور آج

 

رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھا لیا ہے، جبکہ باقی چار میں سے 2کا تعلق قبائلی علاقہ جات اور ایک ایک کا تعلق بلوچستان اور سندھ سے ہے۔رپورٹ کے مطابق ان چار آزاد اراکین اسمبلی میں سے محسن جاوید اور محمد علی وزیرکا تعلق پشتون تحفظ موومنٹ سے ہے۔ محسن جاوید نے حلقہ این اے 48شمالی وزیرستان سے الیکشن لڑا اور 16ہزار 526ووٹ لے کر فاتح قرار پائے، جبکہ محمد علی وزیر حلقہ این اے 50سے آزاد حیثیت میں انتخابی اکھاڑے میں اترے اور 23ہزار 583ووٹوں کے ساتھ جیت کر قومی اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔سندھ سے علی محمد خان مہر واحد آزاد امیدوار تھے جو فتح مند ہوئے۔ انہوں نے حلقہ این اے 205سے الیکشن لڑا تھا اور 72ہزار 82ووٹ لیے تھے۔ بلوچستان سے بھی محمد اسلم بھوتانی جیتنے

 

والے اکیلے آزاد امیدوار تھے۔ انہوں نے حلقہ این اے 272سے انتخابات میں حصہ لیا، جو کہ عددی لحاظ سے قومی اسمبلی کا آخری حلقہ ہے۔ ان چاروں امیدواروں نے قومی اسمبلی میں اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’یہ آزاد امیدوار اپنی مرضی کے مطابق حکومتی یا اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ سکتے ہیں تاہم اب یہ کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کر سکتے کیونکہ آزاد اراکین کے لیے پارٹی میں شامل ہونے کی ڈیڈلائن ختم ہو چکی ہے۔‘‘ بھوتانی کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ آزاد حیثیت میں رہتے ہوئے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حق میں ووٹ دیں گے۔

FOLLOW US