Saturday October 26, 2024

ایک اور آزاد رکن اسمبلی نے حکومت سازی میں تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا اعلان کر دیا

لاہور(ویب ڈیسک) لیہ سے منتخب ہونے والے رکن احمد علی اولکھ وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کو ووٹ دینگے۔ پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے لیکن تحریک انصاف کی جانب سے ابھی تک قائد ایوان پنجاب

کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم ایک اور آزاد رکن احمد علی اولکھ نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔ پی 280 لیّہ سے جیتنے والے آزاد امید وار احمد علی اولکھ نے جہانگیر ترین سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا۔واضح رہے کہ دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واوڈا نے بتایا کہ پنجاب کا وزیرِاعلی کون ہو گا، میں نام نہیں بتا سکتا تاہم اس حوالے سے کور گروپ میں ڈسکشن ہو رہی ہے، جن کا نام لیا جا رہا ہے وہ امریکا سے تعلیم یافتہ ہیں، عمران جو بھی نام لیں گے سب کو قابلِ قبول ہو گا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرے سمیت کوئی بھی پی ٹی آئی میں اقتدار کے لیے نہیں آیا تھا۔خیال رہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسے شخص کو پنجاب کے تخت پر بٹھائیں گے جس پر نہ تو کسی قسم کا الزام ہو گا اور نہ

ہی کوئی داغ ہو گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنما شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخوا بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں محمود خان، پرویز خٹک، عاطف خان، شہرام ترکئی اور شاہ فرمان نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہرام خان ترکئی کو سینیر وزیر صحت اور سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدادن دیا جائے گا جبکہ عاطف خان صوبائی وزیر تعلیم و توانائی تعینات ہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے پرویز خٹک اور عاطف خان کے درمیان وزارت اعلیٰ کے معاملے پر صلح بھی کرا دی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی اس حوالے سے فیصلہ آیندہ اجلاس میں متوقع ہے۔ایک اور خبر کے مطابق چائے بناکر روزی روٹی کمانے والا محنت کش گل ظفر خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بن گیا۔این اے 41باجوڑ سے منتخب ہونے والے گل ظفر خان کا کہنا ہے حلقے میں تعلیم کا فروغ اور عوامی خدمت اس کی اولین ترجیح ہو گی۔گل ظفرخان اندرون راولپنڈی میں ایک ہوٹل پر چائے بناتے تھے، اب قومی اسمبلی میں قانون سازی کریں گے۔نجی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چائے بنانا میرا پیشہ ہے، یہی کام کرتے ہوئے آج ایم این اے بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ہدف ہے کہ قوم کے بچوں کو سیاست میں لاؤں۔

FOLLOW US