Saturday October 26, 2024

عمران خان سے خفیہ ادارے کے سابق سربراہ کی ملاقات۔۔وزیراعظم بنتے ہی کپتان نے کونسا عہدہ دینے کا فیصلہ کر لیا؟

لاہور(نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق ڈی جی آئی بی شعیب سڈل کواہم حکومتی عہدہ دینے پرغور شروع کردیا، شعیب سڈل ایمانداری اور پیشہ ورانہ قابلیت کی وجہ سے تمام حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خا ن سے سابق ڈی جی آئی بی اور آئی جی پولیس سندھ شعیب سڈل

نے بنی گالہ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں شعیب سڈل نے عمران خان کوعام انتخابات 2018ء میں کامیابی پرمبارکباد پیش کی ہے۔ذرائع نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حکومت میں شعیب سڈل کوحکومت میں اہم ذمہ داری دینے پر غور شروع کردیا ہے۔ تاہم ابھی شعیب سڈل کو کسی بھی عہدے کیلئے باقاعدہ نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے سابق ڈی جی آئی بی شعیب سڈل ایمانداری اور پیشہ ورانہ قابلیت کی وجہ سے تمام حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔عمران خان نے پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے بھی شعیب سڈل کوکمیشن کا سربراہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔کیونکہ شعیب سڈل وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات میں ماہر ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کیلئے نمبرز گیم پورے کرلیے ہیں۔۔تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے سابق اسپیکر کے پی اسد قیصر کو نامزد کیا ہے جبکہ پنجاب میں گورنرکیلئے چوہدری سرور اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے چوہدری پرویز الٰہی کو نامزد کردیا ہے۔اسی طرح خیبرپختونخواہ میں وزیراعلیٰ کیلئے محمود خان کو نامزد کیا گیا ہے۔تاہم عمران خان کیلئے وفاقی کابینہ کی تشکیل اور پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے موزوں لوگوں کا انتخاب ایک بڑا کارنامہ ہوگا۔ کیونکہ وفاقی کابینہ اور ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی بھاگ دوڑ صاف شفاف اور میرٹ پرکام کرنے والے بندے کوسونپنے سے عوامی مسائل حل کرنا آسان ہوجائیں گے۔جبکہ کرپشن اور پولیس نظام کوبہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کیلئے وفاقی کابینہ ، خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں حکومت سازی ایک بڑا امتحان ہے۔ تاہم بعض تجزیہ کاروں کے نزدیک عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں محمود خان کووزارت اعلیٰ کے نامزد کرکے بہتر فیصلہ نہیں کیا۔ تاہم دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان وفاقی کابینہ اور پنجاب کے حوالے سے کیسے فیصلے کرتے ہیں۔

FOLLOW US