Saturday October 26, 2024

عمران خان کا رہائش گاہ بارے فیصلہ پھر تبدیل ۔۔وزیراعظم ہائوس کے کس حصے میں رہوں گا؟ ایک اور اہم اعلان کر دیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) عمران خان کی سرکاری رہائش گاہ سے متعلق فیصلہ ایک مرتبہ پھر بدل دیا گیا، بابر اعوان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم ہاوس کے اسٹاف کوارٹر میں رہیں گے، سرکاری اخراجات کروڑوں سے کم کرکے لاکھوں میں لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے

سربراہ اور پاکستان کے آئندہ وزیراعظم عمران خان اپنی قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف 13 اگست کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔اس کے بعد عمران خان کا بطور وزیراعظم انتخاب 17 اگست کو ہوگا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بطور وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان 18 اگست کو ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔حلف اٹھانے کے بعد عمران خان سرکاری رہائش گاہ منتقل ہو جائیں گے۔ تاہم تحریک انصاف عمران خان کی سرکاری رہائش گاہ کے حوالے سے کئی مختلف اعلانات کر چکی ہے۔اعلان کیا گیا تھا عمران خان وزیراعظم ہاوس کی بجائے پارلیمنٹ لاجز میں رہائش اختیار کریں گے۔ پھر اعلان کیا گیا کہ عمران خان پنجاب ہاوس میں رہائش اختیار کریں گے۔ پھر گزشتہ روز اعلان کیا گیا کہ آئندہ وزیراعظم منسٹر انکلیو میں رہائش اختیار کریں گے۔ تاہم اب تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر فیصلہ بدل دیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہاوس کے اسٹاف کوارٹر میں رہیں گے۔عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم ہاوس میں واقع ملٹری سیکرٹری کے عام سے کوارٹر میں رہائش اختیار کریں گے۔ یوں تحریک انصاف سرکاری اخراجات کروڑوں سے کم کرکے لاکھوں میں لے آئے گی۔ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسٹاف کوارٹر میں منتقل ہو جائیں گے۔ تاہم ویک ایںڈ پر عمران خان اپنی اہلیہ کے ساتھ بنی گالہ آ جایا کریں گے۔

FOLLOW US