اسلام آباد (نیوز ڈٰسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو مدعو کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،تمام کھلاڑیوں کو حلف برداری کی تاریخ طے ہوتے ہی دعوت نامے ارسال کردیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کیلئے تیاریاں جاری
ہیں۔ عمران خان نے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کو بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی کرکٹ ٹیم کو مدعو کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ حلف برداری کی تاریخ طے ہوتے ہی باضابطہ دعوت نامے جاری کیے جائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنماء سینیٹر فیصل جاوید کے مطابق ورلڈ کپ کی فاتح کرکٹ ٹیم کو بلانا عمران خان کی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ1992 کی فاتح ٹیم میں شامل عامر سہیل،، رمیز راجہ،، زاہد فضل، انضمام الحق کو دعوت دی جائے گی۔ اسی طرح سلیم ملک، اعجاز احمد، معین خان،، عاقب جاوید اور جاوید میانداد، مشتاق احمد، وسیم اکرم،، اقبال سکندر اور وسیم حیدر کو بھی دعوت نامہ دیا جائے گا۔ دوسری جانب عمران خان
کی وزیراعظم کی حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمران خاں کی حلف برداری تقریب 14اگست کے بعد 17اگست کو ہوگی۔ واضح رہے دوسری جانب تحریک انصاف نے الیکشن 2018ء میں برتری حاصل کرنے کے بعد حکومت سازی کیلئے اپنے نمبرز پورے کرلیے ہیں۔ تحریک انصاف نے مرکز میں مسلم لیگ ق ، ایم کیوایم ، بی اے پی اور شیخ رشید کواپنا اتحادی بنانے کا معاہدہ بھی کرلیا ہے۔ اسی طرح آزاد امیدواروں کی زیادہ تعداد پی ٹی آئی میں شامل ہوگئی ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی حکومت سازی کیلئے نمبرز گیم پوری کرلی ہے۔ واضح رہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کفایت شعاری اور سادگی کی مثال قائم کرنے کیلئے وفاقی کابینہ کاحجم انتہائی کم رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تاکہ قومی خزانے پر اخراجات کے بوجھ کو کم کیا جاسکے۔ تحریک انصاف نے وفاقی کابینہ میں اپنی اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ابتداء میں وفاقی وزراء کی تعداد زیادہ اور وزراء مملکت کی تعداد کم رکھی جائے گی اسی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بطور وزیراعظم اپنی کابینہ کے وزراء کی کارکردگی کوخود مانیٹر کریں گے۔ عمران خان کے نزدیک وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری ہونی چاہیے۔