اسلام آباد (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رؤف کلاسرا نے کہاکہ عمران خان نے چند ایک پاپولر فیصلے کرنے کی کوشش کی ہے۔ عمران خان نے حال ہی میں کہا ہے کہ میں وزیر اعظم ہاؤس میں نہیں رہوں گا بلکہ اسپیکر ہاؤس میں رہوں گا۔
رؤف کلاسرا نے کہا کہ ہم نے جغرافیائی اعتبار سے وزیراعظم ہاؤس کو دیکھا ہے اور جہاں وزیر اعظم ہاؤس ہے وہاں نہ تو کوئی یونیورسٹی بن سکتی ہے اور نہ ہی وہاں کوئی عوامی مقام بنایا جا سکتا ہے۔ عمران خان کے اس فیصلے پرمیرا موقف تھوڑا مختلف ہے اور ہو سکتا ہے کہ لوگ اسے پسند نہ کریں۔ میں عمران خان کے اس فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا۔ عمران خان کو چاہئیے کہ اس طرح کے پاپولر فیصلے کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عمران خان وزیر اعظم ہاؤس میں ہی رہیں لیکن ہمیں کچھ ڈیلیور کر کے دیں۔ اس پاکستان کے لوگوں کو اس بات سے کوئی غرض نہیں ہے کہ آپ وزیر اعظم ہاؤس میں رہیں یا نہ رہیں ، لیکن ہاں آپ سیکرٹریٹ چلائیں ، اپنے اخراجات کم کریں اور کم سے کم لوگوں کو رکھیں۔ رؤف کلاسرا نے کہا کہ ابھی کچھ لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ہم تنخواہ نہیں لیں گے۔ مجھے یاد ہے ایک عبد الرزاق داؤد صاحب ہوتے تھے وہ بھی یہی کہتے تھے کہ میں نے تنخواہ نہیں لینی ، انہوں نے تنخواہ نہیں لی لیکن پوری دنیا پھر لی تھی۔ میں ایسے لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے
70 ،80 ہزار روپے لینے سے پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا، پی ٹی آئی کے بھی دو تین لوگوں نے کہا ہے کہ ہم تنخواہ نہیں لیں گے، میں ان کو کہتا ہوں کہ حضور آپ تنخواہ لیں، اور ہمیں ڈیلیور کریں۔ مجھ بیوروکریٹس کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، مسئلہ صرف اتنا ہے کہ انہوں نے لاہور میں جو بڑی تنخواہیں لی ہیں، ہمیں مسئلہ یہ ہے کہ آپ اتنی تنخواہیں لے کر ، صاف پانی کے اوپر اربوں روپیہ خرچ کر کے اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو پھر اس کا کیا فائدہ ؟ عمران خان کو بھی ایسے نہیں کرنا چاہئیے۔ اخراجات کم کرنے کے اور بھی طریقے ہیں، بنی گالہ میں بھی عمران خان نے اپنے اخراجات کم کیے ہوئے ہیں، بنی گالہ میں عمران خان کسی کو تب تک چائے نہیں پلاتے جب تک کوئی خود نہ کہہ دے کہ خان صاحب چائے پلا دیں۔ اخراجات کم کرنے کے بہت طریقے ہوتے ہیں، سرپلس اسٹاف کو بے روزگار نہ کریں انہیں دوسری وزارتوں میں بھیج دیں۔ وزیراعظم ہاؤس میں رہیں لیکن لوگوں کو ڈیلیور کریں ، اعظم سواتی نے کہا تھا کہ میں تنخواہ نہیں لوں گا، میں ان کو کہتا ہوں کہ آپ کے 70، 80 ہزار لینے سے ملک کو فرق نہیں پڑتا، آپ بے شک 10 لاکھ لیں لیکن اس ملک کو کچھ ڈیلیور کر کے دیں۔