Friday November 1, 2024

عمران خان نے میانوالی کی نشست برقرار رکھ کر لاہور میں خواجہ سعد رفیق کو ایک چانس اور کیوں دے دیا ؟ اصل کہانی سامنے آ گئی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان لاہور ، میانوالی ، کراچی ، بنوں اور اسلام آباد کی نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے لیکن اب انہوں نے اپنی آبائی سیٹ میانوالی رکھنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ وہ باقی چار نشستیں چھوڑ دیں گے ۔

عمران خان نے اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، لاہور میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، بنوں میں جے یو آئی (ف) کے اکرم درانی اور کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رضا علی عابدی کو شکست دی تھی۔دوسری جانب عمران خان کی جانب سے میانوالی سیٹ رکھنے کے فیصلے کی تصدیق عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے ٹویٹر پر کر دی ہے ، اپنے پیغام میں حسان نیاز ی کا کہناتھا کہ عمران خان نے اپنا وعدہ نبھا دیاہے اور انہوں نے میانوالی کی سیٹ رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔دوسری جانب وفاق میں حکومت سازی اور تخت لاہور کے حصول کی کوششیں تیز سے تیز تر ہوتی جارہی ہے، اسی سلسلے میں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس بنی گالہ میں جاری ہے۔اہم اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، پرویز خٹک، نعیم الحق ،شیریں مزاری، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر اہم رہنما شریک ہیں، اجلاس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کا نام فائنل کرنے کے ساتھ ساتھ وفاقی کابینہ کے اراکین کے ناموں پر بھی مشاورت کی جائے گی۔دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کا وفد جام کمال خان کی سربراہی میں اسلام آبادپہنچ گیاجو بنی گالہ میں تحریک انصاف کے،

چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرے گااورعمران خان کی حمایت کا اعلان کرے گا۔یاد رہے کہ عام انتخابات میں بی اے پی کے چار امیدوار ایم این اے منتخب ہوئے تھے جو عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کریں گے،ایم این ایز میں زبیدہ جلال ،خالد مگسی، اشفاق ترین اور احسان رکی شامل ہیں۔اس کے علاوہ کپتان نے کراچی سے منتخب ہونے والے فیصل واوڈا کو نیا مشن سونپنے کی تیاری کرتے ہوئے انہیں کراچی پہنچتے ہی واپس اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔گذشتہ روز بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے نمبر حاصل کر لیے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے وفد سے ملاقات میں وفاق اور پنجاب میں حکومت میں اتحاد بنانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ (ق) وفاق اور حکومت میں شراکت دار ہوگی۔فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سات آزاد ارکان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے پاس قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کے پاس 180 نشستیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار تحریک انصاف کا ہوگا جس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔(س)

FOLLOW US