Friday November 1, 2024

کل چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک عورت پر ایسی کیا مہربانی کی کہ عدالت میں موجودہ سبھی لوگ انہیں دعائیں دینے لگے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیف جسٹس ثاقب نثار نے انسانی ہمدردی کے تحت خاتون درخواست گزار کی نظرثانی اپیل کیلئے 10ہزار روپے عدالتی فیس ادا کی۔ منگل کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے انسانی ہمدردی کے تحت خاتون درخواست گزار کی فیس جمع کرا دی، خاتون کو چھٹیاں کرنے پر 2014میں ملازمت سے نکال دیا گیا تھا،

اس سے پہلے سپریم کورٹ نے خاتون کی درخواست مسترد کر دی تھی، خاتون نے بتایا کہ 14سال پہلے شوہر انتقال کر گیا، 5بچوں کی پرورش کی ذمہ داری ہے، خاتون نے عدالت میں آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ نظرثانی اپیل کیلئے پیسے نہیں ہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار نے 10ہزار روپے عدالتی فیس ادا کی۔ جبکہ دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ حکومت چاہے تو ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ کو ٹیک اوور کرلے کیوں کہ ججوں کا کام نہیں کہ فنڈز اکٹھے کریں۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ جن ڈیموں پر تنازع نہیں ہے وہ ڈیم بنیں گے، ابھی انہی پر فوکس ہے تاہم کالا باغ ڈیم پر جب کبھی اتفاق ہوگا تو وہ بھی بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیمز کا ڈیزائن کیا ہوگا، ٹھیکہ کسے دینا ہے، یہ ہمارا کام نہیں اور ہم ریاست اور انتظامیہ کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے۔چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ الیکشن کی وجہ سے فنڈز میں پیسے نہیں آسکے، اگر حکومت فنڈز اکٹھے کرسکتی ہے تو کرے اور حکومت چاہے تو قائم فنڈز کو ٹیک اوور کرلے کیوں کہ عدالت کے ججز کا کام نہیں کہ فنڈز اکٹھے کریں۔ان کا کہنا ہے کہ لوگ چاہتے ہیں ڈیمز فنڈز کی نگرانی عدالت کرے، کل درگاہ کی حاضری پر مجھے کسی نے 5 لاکھ کا چیک دیا،

لوگ اب پانی کے ضیاع پر بھی توجہ دے رہے ہیں اور ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز دینا چاہتے ہیں۔اس موقع پر جسٹس عمر عطا بندیال کا بھی کہنا تھا کہ ڈیمز بنانا عدالت کا کام نہیں، عدالت صرف حکومت کی مدد کر رہی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ڈیمز کے فنڈز سے رقم کیسے جاری ہوگی؟ کیوں کہ زلزلہ متاثرین کے فنڈز دوسرے منصوبوں میں استعمال ہوگئے تھے۔چیف جسٹس نے نامور وکیل اعتزاز احسن سے مکالمہ کیا کہ کیا عدالت کا ڈیمز کے لیے فنڈز بنانے کا فیصلہ درست ہے؟ جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ ڈیمز کے لیے فنڈز بنانے کا فیصلہ درست اور اچھا ہے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 9 سال کی بچی نے اپنے اسکول کے بچوں سے 5300 روپے اکٹھے کرکے مجھے دیے، آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے کچھ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے درکار رقم ہماری استطاعت سے بڑھ کر ہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے بجلی کے بلوں پر ٹیکسز کا نوٹس لینے کا عندیہ دیا اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں ناجانے کون کون سے ٹیکس اور سرچاج شامل کردیئے جاتے ہیں اس لیے بجلی کے بلوں پر ہوشربا ٹیکسز پر بھی نوٹس لیں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے پاس کھانے کے پیسے نہیں، وہ اتنے ٹیکسز کیسے دے سکتے ہیں؟انڈس واٹر ٹریٹی سے متعلق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عالمی معاہدہ یا ٹریٹی کرنا حکومت کا کام ہے، عدالت ٹریٹی سے متعلق حکومت کو ہدایت یا حکم کیسے دے سکتی ہے؟ حکومت کو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے۔بعدازاں عدالت نے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولے گئے جس میں عوام سے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں اب تک 44 کروڑ 6 لاکھ سے 67 ہزار 527 روپے کی رقم جمع ہوئی ہے۔

FOLLOW US