کوئٹہ (ویب ڈیسک)بلوچستان کےسابق وزیراعلیٰ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے نومنتخب رکن میر عبدالقدوس بزنجو نے سینیٹ انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے جو وعدے کئے تھے انھیں اب پورا کرنے کا وقت آگیا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان عوامی پارٹی کے لیے مشکلات پیدا
ہوگئی ہیں تاہم پارٹی قیادت کا دعویٰ ہے کہ جو وعدے میر عبدالقدوس بزنجو نے کئے تھے انھیں پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ حکومت سازی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔دوسری جانب 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان کے حلقے این اے 272 سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے والے آزاد امیدوار محمد اسلم بھوتانی کو قومی اسمبلی کے حلقوں میں کامیاب امیدواروں میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔محمد اسلم بھوتانی نے این اے 272 لسبیلہ کم گوادر میں ریکارڈ 68 ہزار 804 ووٹ حاصل کیے، جو قومی اسمبلی کے حلقوں میں کامیاب امیدواروں میں سب سے زیادہ ووٹ ہیں۔محمد اسلم بھوتانی نے حلقے میں 2 سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو بھی شکست دی، جن میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے جام کمال اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سردار اختر مینگل شامل ہیں۔جام کمال 63 ہزار 275 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ سردار اختر مینگل 41 ہزار 866 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔2 اکتوبر 1960 کو لسبیلہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہونے والے محمد اسلم بھوتانی نے 2002 میں سیاست میں قدم رکھا۔وہ اس سے قبل 2002 میں بلوچستان اسمبلی
کے ڈپٹی اسپیکر اور 2008میں اسپیکر رہ چکے ہیں۔واضح رہے کہ محمد اسلم بھوتانی آزاد حیثیت میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔وہ بلوچستان کے سابق نگراں وزیراعلیٰ محمد صالح بھوتانی کے چھوٹے بھائی ہیں۔ایک اور خبر کے مطابق سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کے لیے ناموں پر غور شروع کردیا جب کہ فردوس شمیم نقوی قائد حزب اختلاف کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف 23 نشستوں کے ساتھ دوسری سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جب کہ ایم کیو ایم کو 16 اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو 11 نشستیں حاصل ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے گزشتہ روز سندح کے رہنماوں نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں اپوزیشن لیڈر کے لیے عمران اسماعیل، خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نقوی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن لیڈر سندھ کے لیے تینوں ناموں میں فردوس شمیم نقوی نے نام کو فائنل کر دیا جب کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔مزید خبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ کو وزٹ کر سکتے ہیں۔