اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی معیشت میں اہم کردار اداکرنیوالے غیر ملکی پاکستانیوں کی اجڑی ہوئی وزارت کو فعال کرنے کے لئے عمران خان نے خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے وزارت سے کرپٹ مافیا کا صفایا کرکے غیر ملکی پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کو بہتر سے بہترین کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع
وزیراعظم عمران خان کو خصوصی بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر ملکی پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کو بہتر کرنے کے لئے وزارت اوورسیز اور ان کے ماتحت کام کرنے والے اداروں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرا ن خان کو وزارت اوورسیز میں ہونیوالی اربوں روپے کی کرپشن اور اداروں کی کارکردگی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ادارہ میں جعلی ڈگری ہولڈرز افسران ناقص پالیسیاں ، ہائوسنگ پراجیکٹس ، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ میں اربوں روپے کی کرپشن سے نہ صرف وزارت کو نقصان پہنچا بلکہ غیر ملکی پاکستانیوں کیلئے بنائی جانیوالی واحد وزارت میں کرپشن کی انتہا کردی گئی ۔گزشتہ دو دہائیوںسے مذکورہ وزارت ایم کیوایم ، پاکستان پیپلزپارٹی کے خورشیدشاہ یا پیر پگاڑا کے حصے میں آیا کرتی تھی جنہوںنے غیر ملکی پاکستانیوں کے لئے بہتر پراجیکٹ نہ کھولنے کے باعث غیر ملکیوں کی دلچسپی رائیگاں کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن نے ہائوسنگ سوسائٹیاں کے نام پر غیر ملکی پاکستانیوں سے اربوں روپے کا زر مبادلہ حاصل کرنے کے بعد اربوں روپے کرپشن کرکے تمام پراجیکٹس کو ناکامی کی راہ پر گامزن کردیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزارت اوورسیز کی وزارت سمیت دیگر چیدہ چیدہ وزارتوں سے متعلق ڈاکٹر شیریں مزاری پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس سے متعلق وہ مکمل معلومات حاصل کرکے جلد بریفنگ دیں گی اور ان کے مطابق ان کے وزراء کو خصوصی ٹاسک دیئے جائیں گے۔