بنی گالہ (ویب ڈیسک) پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار کون ہوگا؟ علیم خان نے سپورٹس مین شپ سپرٹ کا اعلیٰ مظاہرہ کردیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے واضح کر دیا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نہیں،
عمران خان جسے چاہیں گے وہی وزیراعلی پنجاب ہوگا۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے کپتان کا فیصلہ قبول کریں گے۔واضح رہے کے پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 123 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے 4 ارکان پنجاب اسمبلی کی شمولیت سے یہ تعداد 127 ہوگئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے، ق لیگ کی پنجاب اسمبلی میں 7 نشستیں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے کل 149 ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے جس کہ لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن بھی 129 نشستیں جیت کر پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جسے چاہیں گے پنجاب کا وزیراعلیٰ منتخب کریں گے۔بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ شریف برادران ان پر بغیر ثبوت کے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شریف فیملی کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت
ہیں تو انہیں سامنے لائیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے بتایا کہ ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے کچھ حمایتی آزاد حیثیت سے الیکشن میں شامل ہوئے اور انہیں کامیابی ملی۔علیم خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شامل کرنے کا کام انہیں سونپا ہے، وہ اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد مزید آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے۔پنجاب اسمبلی میں اس وقت 29 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جو موجودہ سیاسی صورتحال میں سب سے زیادہ اہمیت حاصل کر گئے ہیں۔ اب تک چار آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔