Friday November 1, 2024

کھیل ختم! تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی میدان مار لیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ہماری نمبر گیم پوری ہو چکی ہے، کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے ساتھ ملنے کو تیار ہیں اور ان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف کوئی رجحان نہیں، ہم نے جہاں جہاں بھی رابطے کیے ہیں ہمیں بہت مثبت رسپانس ملا ہے

 

اور لوگ ہمارے ساتھ آنے کے لیے بالکل تیار ہیں جن میں سے بہت سے لوگوں کے ساتھ تو ہمارے مذاکرات بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ہمارے ساتھ ہے کیونکہ ان کے ساتھ ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ تھی اور ہم نے ان کے مقابلے میں اپنے امیدوار بھی کھڑے نہیں کیے تھے اس لیے (ق) لیگ کو ہمارے ساتھ چلنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بہت سارے آزاد امیدوار بھی پی ٹی آئی کے ساتھ آنے کو تیار ہیں اس لیے پی ٹی آئی پنجاب میں حکومت بنائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مرکز میں بھی بآسانی حکومت بنانے کے لیے تیار ہے جس کے لیے پارٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اس کے مطابق سب اس پر عمل کریں گے۔

FOLLOW US