لاہور (ویب ڈیسک )عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور وفاق میں حکومت بنانے کی تیاری کر رہی ہے جبکہ ساتھ ہی انہو ں نے پنجاب میں بھی حکومت سازی کیلئے تگ دو شروع کر دی ہے اور آزاد امیدواروں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں ،
تاہم پنجاب میں ن لیگ کی 129 اور پی ٹی آئی کی 123 نشستیں ہیں اس لیے مقابلہ انتہائی سخت نظر آ رہاہے ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان اور جہانگیر ترین نے فیصل آباد اور ڈی جی خان کے پانچ اراکین سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی یقین دہانی کروا دی ہے جبکہ مسلم لیگ ن بھی پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے تیار ہے اور ان کی جانب سے رابطوں میں تیزی لائی گئی ہے تاہم اس موقع پر ق لیگ انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے اور پرویز الہیٰ بھی وزیراعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں ، ق لیگ ٹریکٹر کے نشان پر7 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار نے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا جس کے بعد ممکنہ نشستیں 8 ہوگئیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ق لیگ کا انتخابات میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد تھا تاہم پی ٹی آئی ق لیگ کو کوئی بھی بڑا عہدہ دینے کیلئے تاحال تیار نہیں ہے اس لیے ق لیگ نے اپنی اہمیت کو بڑھانے کیلئے ن لیگ سے رابطہ بھی کر لیاہے جس کے باعث اگر ن لیگ ان کے ساتھ اتحاد کرتی ہے تو انہیں کوئی بڑا عہدہ قربان کرنا ہوگا ۔
ن لیگ کی جانب سے دعویٰ کیا گیاہے کہ ن لیگ سے مزید 18 اراکین رابطے میں ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے 16 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کر دیاہے ۔کسی بھی پارٹی کو پنجاب میں اپنی حکومت بنانے کیلئے 371 میں سے 186 نشستوں کی ضرورت ہو گی ۔ جبکہ دوسری جانب عام انتخابات میں تحریک انصاف کو برتری تو حاصل ہو گئی تھی تاہم اس کے پاس اتنی نشستیں نہیں تھیں کہ تنِ تنہا حکومت بنا سکے۔ تاہم اب انتخابات کے دو دن بعد تحریک انصاف کو بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے وفاق میں کافی نشستیں حاصل ہو گئی ہیں اور وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ پارٹی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ انہیں کافی عددی برتری چھوٹی سیاسی جماعتوں کی نشستیں ملا کر حاصل ہوئی ہے، جن کے ساتھ اتحاد سے وہ وفاق میں حکومت بنائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف اب تک قومی اسمبلی کی 272نشستوں میں سے اب تک 115جیت چکی ہے۔تاہم حکومت بنانے کے لیے 137نشستیں حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہ لازمی عدد حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے کئی چھوٹی جماعتوں سے رابطہ کیا اور اس کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وفاق میں پی ٹی آئی سے اتحاد کرنے والی جماعتوں کو کابینہ میں ان کا مناسب حصہ دیا جائے گا۔ جہانگیرخان ترین نے اس سلسلے میں ایم کیوایم کی قیادت سے بھی رابطہ کیا جس میں ایم کیو ایم کے قائدین نے وفاق میں اتحاد پر مزید گفت و شنید کے لیے ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔پارٹی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وفاق میں عددی برتری حاصل کرنے کے بعد اب وہ اپنی تمام تر توانائیاں پنجاب اسمبلی میں حکومت بنانے پر صرف کررہے ہیں اور آزاد حیثیت میں جیتنے والے امیدواروں سے رابطوں میں ہیں۔