Wednesday November 6, 2024

بریکنگ نیوز!تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی حکومت بنانے کیلئے نمبر گیم پوری کر لی

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ہم پنجاب میں حکومت سازی کے لیے آج )ہفتہ( شام تک نمبر گیم مکمل کر لیں گے، کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے ساتھ ملنے کو تیار ہیں اور ان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف کوئی رجحان نہیں، ہم نے جہاں جہاں بھی رابطے کیے ہیں ہمیں بہت مثبت رسپانس ملا

ہے اور لوگ ہمارے ساتھ آنے کے لیے بالکل تیار ہیں جن میں سے بہت سے لوگوں کے ساتھ تو ہمارے مذاکرات بھی مکمل ہو گئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کے ساتھ آج میٹنگز طے ہیں اور امید ہے کہ اس حوالے سے آج شام تک حتمی رپورٹ پارٹی چیئرمین کے پاس آ جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) بھی ہمارے ساتھ ہے کیونکہ ان کے ساتھ ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ تھی جبکہ بہت سارے آزاد امیدوار بھی پی ٹی آئی کے ساتھ آنے کو تیار ہیں جس سے پی ٹی آئی پنجاب میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مرکز میں بھی بآسانی حکومت بنانے کے لیے تیار ہے جس کے لیے پارٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ آج شام تک معاملہ بالکل واضح ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مرکز میں حکومت بنانے کا ابھی کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اس کے مطابق سب اس پر عمل کریں گے۔

FOLLOW US