Wednesday November 6, 2024

بریکنگ نیوز: وزیر اعظم بننے سے قبل عمران خان نے انوکھی خواہش کا اظہار کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف عوامی انداز میں اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی تقریر کو ہر جانب سے پذیرائی ملی جس کے بعد عمران خان نے،

وزارت عظمیٰ کا حلف کسی عوامی تقریب میں اٹھانے کی خواہش کا عندیہ دے دیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر کی بجائے کسی عوامی مقام پر تقریب منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے۔اس سلسلے میں عمران خان کی پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے اور اس بات کا حتمی فیصلہ ایک دو روز میں متوقع ہے تاہم عوامی مقام پر وزارت عظمیٰ کی تقریب حلف برداری سیکیورٹی کلیرنس سے مشروط ہے۔ جبکہ دوسری جانب پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ اور تحریک انصاف میں رسہ کشی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پی ٹی آئی نے آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔پنجاب میں کس کے نام کا سکہ چلے گا،کون تخت لاہور پر بیٹھے گا، حکمرانی کی بساط پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف آمنے سامنے آگئے، نمبر گیم کی چالوں سے مد مقابل کو زچ کرنے کی بازی شروع ہوگئی۔دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے حکومت بنانے کے لیے دعوے اور جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئے ہیں ، آزاد اراکین سے رابطے شروع کردیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نتائج کے مطابق ن لیگ129 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ تحریک انصاف کا 123 نشستوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔پنجاب میں حکومت بننے کی صورت میں ن لیگ کی جانب سے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کیلئے میدان میں اتارنے جانے کا امکان ہے۔شہباز شریف نے خبردار کردیا ہے کہ اگر ن لیگ کو حکومت بنانے سے روکا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا ۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کہتے ہیں کہ حکومت بنانے کے لیے 130 ارکان ہمارے پاس موجود ہیں ، حکومت تحریک انصاف ہی بنائے گی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف نے آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کردیئے ہیں، جہانگیر ترین اور علیم خان گزشتہ رات خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچے جہاں انہوں نے شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے امیدوار سلمان نعیم سے ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی۔اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے خانیوال، ڈیرہ غازی خان اور لیہ سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے بھی ملاقاتیں کیں، تمام امیدواروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ان کی جماعت میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کےمطابق بعض امیدوار رات کو ہی جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں جب کہ سلمان نعیم آج اسلام آباد پہنچیں گے، تمام امیدوار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سےملاقات کریں گے اور پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا بھی اعلان کریں گے۔حمزہ شہباز نے تحریک انصاف کو 2013 میں خیبر پختونخوا کی اکثریت یاد دلاتے ہوئے خبردار کیا کہ ہم نے اس وقت جمہوری روایات کی پاسداری کی تھی اب تمہاری باری ہے، اگر حکومت بنانے سے روکا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔اگر تحریک انصاف کے 123 ارکان کے ساتھ ق لیگ کے 7 اور 28 آزاد ارکان مل جائیں تو سیاسی شطرنج کی بساط پرتحریک انصاف بظاہر ن لیگ کو شہ مات دیتی نظر آرہی ہے۔ن لیگ پنجاب کی کل 297 نشستوں میں سے 129 نشستوں کے ساتھ پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی ہے تاہم حکومت سازی کے لیے 149 کا جادوئی ہندسہ حاصل کرنا ہوگا۔اب انتظار ن لیگ کا ہے کہ وہ ہارتی ہوئی بازی جیت کر بازی گر بنے گی،یا شکست کا ہار اپنے گلے میں ڈالے گی۔

FOLLOW US