اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی پولیس نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کو مستقبل کے وزیرِاعظم کے لئے سیکورٹی رسک قرار دیدیا ہے۔پی ٹی آئی کپتان کی رہائش گاہ کے حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ایس پی سٹی نے دورے کے بعد کیا۔
بنی گالہ کی قریبی پہاڑیوں پر پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ جانے والے راستے پر بھی اضافی پولیس نفری لگا دی گئی، واک تھرو گیٹس بھی نصب کر دیے گئے ہیں اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کو ایجوکیشن سسٹم کے لیے استعمال کرنے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے انتخابات کے بعد پہلے پالیسی خطاب میں کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں ذاتیات پرہونے والے سیاسی حملوں کوبھول چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسی حکومت بنائے گی جوکسی کے خلاف سیاسی اور انتقامی کاروائی نہیں کرے گی۔ ہم مثال قائم کرکے دکھائیں گے قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ریاستی ادارے مضبوط کریں گے جو پہلے عمران خان اور اس کے وزیروں پر نظر رکھیں گے اور بعد میں باقی سب کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پہلے حکمرانوں نے خود پر پیسہ لگایا ، اپنے پروٹوکول کو بڑھایا۔ اللہ نے مجھے موقع دیا ہے کہ میں نے جو خواب دیکھا اسے پورا ہوتے دیکھ سکوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو بڑے بڑے محلات میں رہنے کی عادت تھی ، مجھے شرم آئے گی اگر میں جا کر وزیراعظم ہاؤس میں رہوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں نہیں بلکہ ایک سادہ گھر میں رہوں گا،ایک چھوٹا سا انکلیو لے کر وزیر اعظم ہاؤس بنائیں گے ، اپنے خرچے کم اور وسائل بڑھائیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس کو تعلیمی نظام کے لیے استعمال کرنا ہے یا اسے ہوٹل بنانا ہے اس کا فیصلہ بعد میں کریں گے جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں گورنر ہاؤسز کو بھی عوام کو مستفید کرنے کے لیے ہی استعمال کیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں جب تک گورننس سسٹم ٹھیک نہیں ہو گا تب تک کوئی سرمایہ کاری کرنے نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اپنے خرچے کم کروں گا اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا۔احتساب سب سے پہلے میرا اور میرے وزیروں کا ہو گا اس کے بعد نچلے لوگوں کا ہو گا کیونکہ کرپشن کی وجہ سے ہی سرمایہ کاری پاکستان نہیں آتی۔ میں چاہتا ہوں کہ پورا پاکستان متحد ہو اانشا اللہ آپ سب کو ایسی حکومت بنا کر دکھگائیں گے جیس پہلے کسی نے نہ بنائی ہو۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عام انتخابات2018ء میں پی ٹی آئی کو واضح اور نمایاں برتری حاصل ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کی واضح برتری پر عمران خان نے چار بجے قوم سے خطاب کرنےکا اعلان کیا تھا جس میں وہ حکومت سازی اور پی ٹی آئی کی آئندہ حکمت عملی سے متعلق قوم کو آگاہ کر رہے ہیں۔