Friday May 3, 2024

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعد تحریک انصاف نے ایک اور صوبے میں بھی اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے بلوچستان میں بھی اتحادی حکومت بنانے کا عندیہ دے دیا، پارٹی قیادت بلوچستان سے جیتنے والے امیدواروں کیساتھ رابطے میں ہے، ممکنہ طور پر اتحادی حکومت تشکیل دے سکتے ہیں: فواد چوہدری۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی ترجما ن فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے

لئے آج بروز جمعہ کو ہم بلوچستان کی سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں مخلوط حکومت بنائی جا سکے انہوں نے یہ بات جمعرات کی شب نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ مرکز ،،پنجاب ،خبیر پختونخواء میں ہمیں کسی کے ساتھ ملکر حکومت بنا نے کی ضرورت نہیں ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے 8ارکان منتخب ہوچکے ہیں اور اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان میں جو سیاسی جماعتیں منتخب ہو کر آئی ہیں ان سے رابطے شروع کئے جائیں تاکہ صوبے میں مضبوط مخلوط حکومت بنائی جا سکے ۔دوسری جانب گزشتہ روز ہونے والے پاکستان کے دسویں عام انتخابات کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باآسانی وفاقی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ اب تک تحریک انصاف کو 119 قومی اسمبلی کی نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد جمعرات کے روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے قوم سے خطاب بھی کیا گیا۔اپنے خطاب کے دوران عمران خان نے قوم سے اپنے منشور پر عمل کرنے کا وعدہ کیا۔ دوسری جانب گزشہ شب سے عمران خان کی اسلام آباد میں بنی گالہ رہائش گاہ میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت بھی جاری ہے۔ خاص کر وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے اکثر مرکزی رہنما اس وقت بنی گالہ میں موجود ہیں۔اب ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی کابینہ کے کچھ لوگوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ واضح امکان ہے کہ شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ، شفقت محمود یا عارف علوی کو اسپیکر قومی اسمبلی جبکہ شیریں مزاری کو وزیر دفاع بنائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ کابینہ کے مزید لوگوں کیلئے بھی متعدد ناموں پر غور جاری ہے۔اسد عمر کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا جائے گا۔ جبکہ کچھ نوجوان رہنماوں کو بھی کابینہ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں کے درمیان بھی معاملات طے پا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک کل 14 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ان 14 آزاد امیدواروں میں سے 14 آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہونے کی تیار ہو گئے ہیں۔ تاہم تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ آزاد امیدوار بنا کسی شرائط کے حکومت کا حصہ بنیں۔

FOLLOW US