Thursday November 7, 2024

خواجہ آصف اور عثمان ڈار کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ، صرف 736ووٹوں سے کون جیت گیا؟ سیاسی میدان کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہو گیا

سیالکوٹ (نیوزڈیسک) سپریم کورٹ کے بعد عوامی عدالت نے بھی اپنا فیصلہ سنادیا، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کا بڑا برج الٹ گیا، سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف سخت مقابلے کے بعد 736 ووٹوں سے شکست کھا گئے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے اقامہ رکھنے کی بنا پر تاحیات نا اہل ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے

بحال ہونے والے خواجہ آصف عوامی عدالت میں اپنا کیس ہار گئے۔ انہیں پی ٹی آئی کے عثمان ڈار نے 736 ووٹوں سے شکست دے دی۔ این اے 73 سیالکوٹ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے عثمان ڈار ایک لاکھ 13 ہزار 453 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف ایک لاکھ 12 ہزار 717 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔واضح رہے کہ این اے 73 میں پہلے نتیجے سے ہی مقابلہ انتہائی سخت رہا ، پوری رات کبھی عثمان ڈار تو کبھی خواجہ آصف کو لیڈ ملتی رہی تاہم حتمی لیڈ تحریک انصاف کے حصے میں آئی۔ عثمان ڈار کی جیت کا مارجن انتہائی کم ہونے کی بنا پر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں تین بار ووٹوں کی گنتی کی گئی جس کے بعد بالآخر خواجہ آصف کو اپنی شکست تسلیم کرنا پڑی۔

FOLLOW US