اسلام آباد (نیوزڈیسک) الیکشن 2018 میں قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت ملتی ہوئی نظر آرہی ہے، ایسے میں جہاں کارکن جشن منا رہے ہیں وہیں کپتان نے بھی اہم ذمہ داریوں کا تعین کرنے کیلئے اہم رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
کے نام پر مشاورت کیلئے اسد قیصر اور عاطف خان کو بنی گالہ طلب کرلیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے پرویز خٹک سمیت دو لوگ اور بھی فیورٹ ہیں۔علاوہ ازیں کپتان نے اہم رہنماؤں کا بھی بنی گالہ میں اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان آج (جمعرات ) شام کو تقریر کریں گے جس میں اپنی آئندہ کی حکمت عملی سے قوم کو آگاہ کریں گے۔