لاہور(سی پی پی)نگران پنجاب حکومت نے غیرفعال اور غیر متحرک سرکاری کمپنیوں کو بندکرنے اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہورکیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی پنجاب حسن عسکری کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں غیرفعال اورغیرمتحرک سرکاری کمپنیوں کوبندکرنے کی
منظوری دیدی ،اجلاس میں کوڈآف سول پروسیجر 1908کے پہلے شیڈول میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ کمیٹی اجلاس میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہورکیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ شیخ زیدمیڈیکل کالج وہسپتال رحیم یارخان کابورڈ آف مینجمنٹ تشکیل دینے کافیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں چلڈرن ہسپتال لاہورکے بورڈآف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔نگران وزیراعلی پنجاب کے زیرصدارت اجلاس میں قائداعظم تھرمل پاورلمیٹڈکو 3.175 ارب کے اضافی ورکنگ کیپٹل کی فراہمی کافیصلہ بھی گیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ سرکاری ملازمین ڈیم فنڈزکیلئے رضاکارانہ طور پرتنخواہ دیں گے،گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین ایک دن ،گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین 2 دن کی تنخواہ دیں گے۔