Sunday January 19, 2025

”میں نے اپنی تیسری بیوی بشریٰ بی بی کی کبھی شکل نہ دیکھی تھی لیکن مجھے معلوم تھا وہ کیسی دِکھتی ہیں کیونکہ۔۔۔“ عمران خان نے حیران کن انکشاف کر دیا

لندن(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے متعلق یہ بات پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے شادی سے پہلے اپنی اہلیہ کی شکل نہیں دیکھی تھی۔ اب برطانوی اخبار ڈیلی میل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے ایسی بات کہہ دی ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ عمران خان نے انٹرویو میں ایک بار

 

پھر اس بات کو دہرایا کہ انہوں نے شادی سے پہلے بشریٰ بی بی کا چہرہ نہیں دیکھا تھا کیونکہ وہ ہمیشہ نقا ب میں ان کے سامنے آتی تھیں تاہم انہوں نے اس انٹرویو میں کہا کہ چہرہ نہ دیکھنے کے باوجود میں جانتا تھا کہ وہ کیسی دِکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”بشریٰ بی بی کے گھر میں ان کی ایک پرانی تصویر لگی ہوئی تھی۔ یہ تصویر اس دور کی تھی جب وہ تصوف کی طرف راغب نہیں ہوئی تھیں اور پردہ نہیں کرتی تھیں۔ اس تصویر سے مجھے اندازہ تھا کہ وہ کیسی دکھائی دیتی ہیں۔عمران خان کا بشریٰ بی بی کے بارے میں مزید کہنا تھا کہ ”اگرچہ میں نے اپنی اہلیہ کا چہرہ دیکھے بغیر انہیں رشتے کی پیشکش کی تاہم شادی کے بعد ان کا چہرہ دیکھ کر مجھے مایوسی نہیں ہوئی اور میں اپنی شادی سے بہت خوش ہوں۔“ڈیلی میل لکھتا ہے کہ 1980ءکی دہائی میں جب عمران خان کرکٹ کے میدان اور لندن کے نائٹ کلبوں میں یکساں توانائی دکھاتے تھے اپنے ان دنوں میں ایسا رشتے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ”اگر ان دنوں مجھے کوئی کہتا کہ ایسی لڑکی سے شادی کر لو جسے میں نے نہ دیکھا ہو، تو یقینا میں انکار کر دیتا اور یہ بات کرنے والے کو پاگل سمجھتا، تاہم اب دیگر بہت سی چیزوں کے ساتھ رشتوں کے متعلق بھی میرا رویہ تبدیل ہو چکا ہے۔ مجھے بتدریج احساس ہوا ہے کہ اگر چہ کسی کی جسمانی کشش کو مجھ سے زیادہ بہتر کوئی نہیں جانتا لیکن کسی شخص کا کردار، سوچ اور دانش جسمانی کشش سے کہیں زیادہ اہم ہوتے ہیں۔ میرا تجربہ یہ کہتا ہے کہ جسمانی کشش کا زندگی میں بہت کم حصہ ہے۔اس شادی کے پیچھے بھی یہی وجہ ہے اور میں اپنی بیوی کی دانش اور اس کے کردار کی بہت عزت کرتا ہوں۔“انٹرویو میں ریحام خان کے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ”عام طور پر میں ریحام کے متعلق بات نہیں کرتا لیکن میں یہ کہوں گا کہ میں نے زندگی میں بہت سی غلطیاں کی ہوں گی، تاہم ریحام خان سے شادی میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ “

FOLLOW US