Friday November 15, 2024

حنیف عباسی کی سزا کے بعد عمران خان کا بھی حیران کن رد عمل آگیا، کیا کہہ دیا؟

اسلام آباد(نیوزڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نےکہا ہے کہ شکر ہے کہ آج ہماری عدلیہ آزاد اور طاقتور ہے، تازہ خبر آئی ہے کہ ایک اور ن لیگی اڈیالہ جیل جا رہا ہے، نواز شریف کو سزا کے بعد ملک میں بہت بڑا انقلاب آیا ہے اوراب چھوٹے مافیاز کی باری ہے ،25جولائی کو چوروں کے ٹولے کو شکست دیں گے ، مجھے ڈر لگا ہوا ہے کہ

 

خوف کی وجہ سے شہباز شریف کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ،میں ہارا تو اپوزیشن میں بیٹھ جاؤں گا لیکن اگر شہباز شریف تم نہ جیتے تو سیدھا اڈیالہ جیل جاؤ گے ،حنیف عباسی کو منشیات فروخت کرنے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اور یہ شہباز شریف کا کار خاص تھا ۔تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 129کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں جوڑے پل پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حنیف عباسی کے کیس کا فیصلہ سات سال بعد آیا ہے اور یہ ایک مثال ہے کہ یہاں طاقتور کیلئے ایک قانون جبکہ غریب کیلئے دوسرا قانون ہے ،جو یہاں منشیات فروخت کر رہے ہیں ان حکمرانوں کو سزا سنانے میں بھی عدالت کو کتنی دیر لگ جاتی ہے،میں عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ نواز شریف کو سزا ہونے سے پاکستان میں بہت بڑا انقلاب آیا ہے اور اب چھوٹے چھوٹے مافیاز کی باری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کو 500کلو گرام ایفی ڈرین فروخت کرنے پر عمر قید کی سزا ہوئی ہے ،یہ شہباز شریف کا کار خاص تھا ، اربوں روپے کی سپورٹس گراؤنڈ ، سستی روٹی جس میں 30ارب روپے ڈوب گئے یہ اس کا انچارج تھا ، پنڈی میٹرو کا بھی حنیف عباسی انچارج تھا ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم 300ارب کی منی لانڈرنگ کرنے پر جیل گیا جبکہ سابق وزیر خزانہ چوری کر کے بیرون ملک بھاگا ہوا ہے او ر اس کے بھی ریڈ وارنٹ نکل گئے ہیں ،مسٹر پرائز بانڈ سے اربوں روپے کی ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے تحقیقات ہورہی ہیں اور حمزہ شریف اس کا پارٹنر ہے ، شہباز شریف کے خلاف بھی 56کمپنیوں کی تحقیقات ہو رہی ہیں ، خواجہ اقامہ سابق وزیرخارجہ کو دبئی میں ایک کمپنی سے کوئی کام نہ کرنے کی 16لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی جب تفتیش ہو گی تو اس کے معاملات بھی سامنے آئیں گے لیکن یہ بھی منی لانڈرنگ کاایک طریقہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں اس طرح کے حالات ہوں گے وہ کیسے ترقی کر سکتا ہے؟ کیا اس ملک میں عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں مل سکتی ہیں؟ کیا صاف پانی مل سکتا ہے ؟۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کرپٹ ٹولے کو جیل میں نہیں ڈالیں گے ،جب تک بڑے بڑے ڈاکو جیل نہیں جائیں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ چوری حکمران کرتے ہیں لیکن بوجھ عوام اٹھاتے ہیں ،قرضے یہ لیتے ہیں اور پھر ٹیکسز لگا کر عوام پرمہنگائی کے بم گراتے ہیں،میں کپتان ہوں اور آپ میری ٹیم ہیں اور ہم نے 25جولائی کا میچ جیتنا ہے ، آپ نے گھر گھر جا کر بتانا ہے کہ یہ عمران خان کی نہیں آپ کی جنگ ہے ،آپ کے بچوں کے مستقبل کی جنگ ہے ،ہم نے دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت کرانی ہے ،ہم نے ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے عظیم ملک بنانا ہے،نواز شریف اور آصف زرداری نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے لیکن ہم کرپٹ لوگوں سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ چوروں کے ٹولے کو 25جولائی کو شکست دیں گے،مجھے ڈر لگا ہوا ہے کہ خوف کی وجہ سے شہباز شریف کے ذہنی حالات ٹھیک نہیں ، مجھے اس کے حالات اچھے نہیں لگ رہے ، اگر مجھے شکست ہوئی تو میں تو اپوزیشن میں بیٹھ جاؤں گا لیکن آپ نہ جیتے تو سیدھا اڈیالہ جیل جاؤ گے ، شہباز شریف اڈیالہ جیل تمہار اانتظار کر رہی ہے ،میں جیل والوں سے کہوں گاکہ شہباز شریف کاکمرہ نواز شریف سے دور رکھیں کیونکہ دھوکہ دینے پر نواز شریف ،شہباز شریف سے بہت ناراض ہے او رکہیں دونوں میں جیل میں ہی دنگل نہ ہو جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جب لاہور جاگتا ہے تو پنجاب بدلتا ہے اور اس سے پورا پاکستان بدلتا ہے ۔

FOLLOW US