لاہور ( ویب ڈیسک) لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131سے آزاد امیدوار ڈاکٹر عامر حسین نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کرکے انکے حق میں انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ۔ دونوں کے درمیان ملاقات زمان پارک میں چیئرمین تحریک انصاف کی رہائشگاہ پر ہوئی ۔ ڈاکٹر عامر حسین نے کہاکہ کرپشن کے
خاتمے کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی جدوجہد مثالی ہے، قوم عمران خان کی قیادت اور پروگرام سے مکمل متفق ہے، عمران خان کے حق میں انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں ۔ عمران خان نے حمایت کے اعلان پر ڈاکٹر عامر حسین کا شکریہ ادا کیا اور این اے 131 میں جاری انتخابی مہم میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ۔دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر جی ڈی اے،بلیدہ،دشت اور پیدارک سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار میر ظہور بلیدئی نے پسنی میں شادی کور ، زہریں کہور ، کڑکی بازار ، سندھی پسو اور دیگر دیہی علاقوں سے آنے والے عمائدین سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی لانے والی جماعت ہے ۔ ہمارا مشن خوشحال بلوچستان ہے ۔ انہوں نے کہا ہم دعویٰ کرنے کے بجائے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ الزام تراشی کی سیاست کے قائل نہیں ۔ انہوں نے کہا کامیابی کے بعد پہلی ترجیح تعلیم ، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے ۔ انہوں نے سیٹھ گنج بخش عثمان کے ہاوٴس میں اپنے سینکڑوں حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچیس جولائی کو عوام اپنے گھروں سے نکل کر بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کریں ۔ اس موقع پر سیٹھ گنج بخش ، سیٹھ حاصل کولواہی ، گل خان بلوچ ، انور حسین ، کہدہ لطیف ، سیٹھ شبیر احمد اور دیگر موجود تھے ۔