Monday January 27, 2025

عظیم سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کس سیاسی جماعت کی حمایت کا اعلان کر دیا بڑی خبر

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) محسن پاکستان ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور درگاہ میا ں میر کے سجادہ نشین ہدیتہ الہادی کے سربراہ پیر سید ہارون علی گیلانی نے متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 سے امیدوار لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان کردیاہے اور اپنے تمام بہی خواہوں ، محب دین ، محب وطن ووٹرز سے اپیل کی ہے کہلیاقت بلوچ کا بھر پور ساتھ دیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر قدیر خان کی قومی خدمات اور پاکستان کو سدِ جارحیت کے لیے مضبوط بنانے کی خدمت پر

پوری قوم کو فخر ہے ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے اتحاد کالونی گلبرگ میں خواتین کنونشن سے خطاب اور خوشاب ،میانوالی ، لکی مروت میں متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا اور بنوں میں ایم ایم اے کے مرکزی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ۔ صدر متحدہ مجلس عمل مولانا فضل الرحمن اور سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں بھر پور انتخابی مہم جاری ہے ۔ کراچی میں قومی و صوبائی حلقہ جات میں عوام کی طرف سے شاندار استقبال سے ظاہر ہوگیاہے کہ متحدہ مجلس عمل ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کی 12 نشستوں کے لیے ایم ایم اے امیدوار ان کا اتفاق رائے سے فیصلہ کر دیا گیاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ خواتین کے تمام اسلامی ، آئینی اور سماجی حقوق کی حفاظت کی جائے گی ۔ سیکولر قوتیں خاتون کو شمع محفل جبکہ دینی قوتیں خاتون کو عزت و عظمت اور وقار کا مقام دلاناچاہتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں نظام مصطفےٰؐ کا نفاذ اور آئین و قوانین کی تمام اسلامی دفعات کی حفاظت کی جائے گی ۔ آئین ، آزاد عدلیہ کی حفاظت اور سیاست و ریاست میں باوقار ، بااعتماد تعلقات کار لانا ہمارا مشن ہے ۔ پروگراموں سے خالد عثمان ، احمد سلمان بلوچ ، حافظ زبیر احمد ظہیر ، مولانا محمد امجد خان ، احمد رضا بٹ ، رفیق مجاہد ، عالم شفیق شیخ نے بھی خطاب کیا ۔

FOLLOW US