Sunday September 22, 2024

تیر کمان میں ہی پھنس گیا ہے، شیر بھی بکری کی طرح دکھائی دے رہا ہے، اب بلا کیا کرنے والا ہے، حیران کن دعویٰ

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم دھرنے میں شرکت کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،ہم نے ایک ایک امیدوار کو پرکھ کر ٹکٹ جاری کئے، ہم نے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ٹکٹوں کی تقسیم پر آنے والی شکایات کو دیکھے گی،پیپلز پارٹی سیاسی کھیل سے آؤٹ،تیر کمان سے نکلتا دکھائی نہیں دے

رہا،شیر بھی بکری بن چکا،اب عمران خان کی باری ہے۔ملتان میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ڑیٹرننگ آفیسر کے سامنے پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئے، نواز شریف کے وکیل کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے این اے 156 ،پی پی 216 اور پی پی 217 میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، ٹکٹوں کی تقسیم میں تمام امیدواروں کو بلا کر پرکھا گیا ، ایک ایک امیدوار پر غور وفکر کرکے ٹکٹ جاری کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں ان کارکنوں کو جنہوں نے تحریک انصاف کے دھرنوں میں شرکت کی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ٹکٹوں کی تقسیم پر آنے والی شکایات کو دیکھے گی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت سے قوم مایوس ہو چکی ہے، عمران خان کی قیادت میں ایک نئی جدوجہد کی جارہی ہے ، ہماری جمہوری پارٹی میں لوگوں کو اختلافات ہو سکتے ہیں ، پیپلز پارٹی سیاسی کھیل سے آوٹ ہوچکی ہے ، مجھے تیر کمان سے نکلتا دیکھائی نہیں دے رہا اور شیر بھی بکری بن چکا ہے ۔جاوید ہاشمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سینئر سیاستدان ہیں جو بھی فیصلہ کریں گے سوچ سمجھ کر کریں گے۔

FOLLOW US