Tuesday September 24, 2024

بڑی خبر خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ بدھ کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت سینئر وکلا اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی جبکہ گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے جسٹس (ر)

دوست محمد سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی دوست محمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور آئین نے جو مشن تفویض کیا اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے، وقت پر الیکشن شفاف اور صحیح طریقے سے کرائیں گے، بروقت اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے، شفاف الیکشن کے لیے ہر ایک کو موقع ملنا چاہیے۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کومساوی مواقع فراہم کریں گے، سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔جسٹس (ر) دوست محمد نے کہاکہ امور حکومت کیلئے صوبائی کابینہ میرٹ پر تشکیل دی جائیگی جو مختصر ہوگی، آئین اور قانون کے مطابق حکمت عملی وضع کریں گے، کوشش ہوگی کہ تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کرکام کریں، سابق صوبائی حکومت نے بجٹ پاس نہیں کیا یہ بھی مسئلہ دیکھنا ہوگا جب کہ کوشش کریں گے مختصر دور حکومت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔جسٹس(ر) دوست محمد خان نے بنوں سے گریجویشن کیا اور پھر کراچی سے وکالت کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے بنوں میں ہی وکالت کی پریکٹس شروع کی، وہ بنوں بار اور پھر پشاور ہائی کورٹ بار کے صدر بنے۔دوست محمد خان 2002 میں پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج بنے اور 2003 میں پشاور ہائی کورٹ کے مستقل جج کا حلف اٹھایا جس کے بعد وہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ بنے۔جسٹس(ر) دوست محمد خان 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنے، انہوں نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دینیکافیصلہ دیا، خیبر پختونخوا میں موبائل کورٹس کا قیام بھی جسٹس دوست محمد کے دور میں عمل میں آیا ٗ پشاور ہائیکورٹ میں ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ بھی ان ہی کے دور میں عمل میں آیا۔

FOLLOW US