Sunday January 19, 2025

لندن میں فیصلے کرنے کے بعد اتحادیوں کی کوئی حیثیت نہیں،شیخ رشید ان کا دارالحکومت لندن ہے اور پاکستان میں تاوان لینے آتے ہیں

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنا جنم دن اورنیو ائیر اپنی بیٹی کے ساتھ لندن میں منائیں گے،بھائی وزیراعظم ہے سفارتی پاسپورٹ مل گیا لیکن کلین چٹ نہیں ملی۔ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ بزدل کرپٹ لوگ آگے آ گئے ہیں۔ان کا حقیقی دارالحکومت لندن ہے،اور پاکستان میں تاوان لینے آتے ہیں،نوازشریف نے جس کو بھی تعنیات کیا اُسی سے پھڈا کیا۔

لندن میں فیصلہ کرنے کے بعد اتحادیوں کی کوئی حیثیت نہیں،عوام مہنگائی سے مر گئی،معیشت اورخارجہ پالیسی تباہ ہو گئی۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے سب سے اچھے تعلقات سعودی پرنس سے ہیں،بدعنوان لوگ اہم عہدوں پرآ گئے نیب میں کیس ختم کرانے والوں کا تانتا بندھا ہے۔ احتساب اور حساب ختم نہیں ہو گا،30 نومبرتک سیاست واضح ہو جائے گی۔ قبل ازیں شیخ رشید نے کہا کہ نا اہل حکمران اہم تعیناتی کا فیصلہ بھی اپنے ملک میں کرنے کے اہل نہیں۔بے اختیار وزیراعظم 6 ماہ میں 5 بار فیصلہ لینے لندن جاتے ہیں، گیلپ کے مطابق 88 فیصد بزنس کمیونٹی حکومتی پالیسی سے نالاں ہے۔سیاسی عدم استحکام، سیاسی عذاب یا سیاسی انقلاب زیادہ دورنہیں، بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں آئی ایم ایف ہاتھ نہیں پکڑا رہا، فاصلےاتنے بڑھ گئے ہیں کہ غلطی کی گنجائش نہیں، 30 نومبر تک آر یا پار ہوجائے گا۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا قوم کی بہتری بھلائی نہیں بلکہ اپنے کیس ختم کرانا مطلوب تھا، نیب کے دفتر میں کیس ختم کرانے کے لیے جھمگٹا لگا ہوا ہے۔نیب قوانین میں ترمیم پر کوئی صاحب ضمیر خوش نہیں، قوم مہنگائی سے مر رہی ہے اور یہ ٹوپیاں بدل رہے ہیں،نااہل حکمران اہم تعیناتی کا فیصلہ بھی اپنے ملک میں کرنے کے اہل نہیں

FOLLOW US