لاہور: پی ڈی ایم میں شامل سینئر سیاستدان آفتاب شیر پاو اپنی ہی حکومت پر برس پڑے کہا ہم اس قابل نہیں رہے کہ اب عوام میں جا سکیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد پی ڈی ایم میں وفاقی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے تحفظات کا کھل کر اظہار ہونے لگا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بدھ کے روز ہوئے پی ڈی ایم اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ نے وفاقی حکومت کو کھری کھری سنا دیں۔بتایا گیا ہے کہ سینئر سیاستدان آفتاب شیرپاو نے حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اس قابل نہیں رہے کہ اب عوام میں جا سکیں، اس لیے اب اتحادی حکومت کو کارکردگی دکھانا ہوگی اور مل کر عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا حصہ نہیں مگر عوام کا نزلہ ہم پر گر رہا ہے۔
جبکہ اس اجلاس کے دوران نواز شریف نے بھی حکومت کو کارکردگی پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔مسلم لیگ ن کے قائد نے پی ڈی ایم کے جلسے کرنے کے پلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جلسے کرنا حکومتوں کا کام نہیں، پرفارمنس دکھائیں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ اب جارحانہ سیاست کی جائے، پی ٹی آئی کے خلاف فوری ریفرنس لایا جائے، بہت ہوگیا، اب پی ٹی آئی کو کوئی جگہ نہ دی جائے۔ نواز شریف نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز صاحب اب مجھے ڈھیلی سیاست نہیں چاہیئے، جبکہ انہوں نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ تحریک انصاف کو الیکشن کمیشن کیخلاف ریڈ زون میں احتجاج کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔