اسلام آباد : تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹرشیریں مزاری کی گرفتاری پرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا ردعمل آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں ، حکومت نے لڑائی کا فیصلہ کرلیا ہے ، شیریں مزاری کی گرفتاری اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے اور اس سے حکومت حالات خراب کرنے جارہی ہے ۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا گیا ،
اس ضمن میں پی ٹی آئی رہنماء افتخار درانی نے ٹویٹ کیا کہ شیریں مزاری کو ان کے گھر کے باہر سے اٹھا لیا گیا ، سب کارکن کوہسار پولیس اسٹیشن پہنچیں۔بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کو ڈیرہ غازی خان میں مقدمہ درج ہونے پر گرفتار کیا گیا اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گا ہ سے اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان کی ٹیم نے گرفتار کیا جب کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے وقت اینٹی کرپشن کی ٹیم کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔اس حوالے سے تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری نے بتایا کہ مرد پولیس اہلکار میری ماں کو گسیٹتے ہوئے ساتھ لے گئے ہیں ، مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ میری والدہ کو اینٹی کرپشن ونگ لاہور لے جایا گیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت گھبرا گئی ہے ، سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث ملزم ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں ، تحریک انصاف اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والی نہیں۔