Monday January 20, 2025

حکومت نے عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے پرغور شروع کر دیا گیا

اسلام آباد : مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر حکومت نے ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کابنیادی ٹیرف ایک روپیہ 68 پیسے فی یونٹ بڑھانے پرغور شروع کر دیا گیا ہے۔ نیپرا نے ملک بھر کے بجلی کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 1 روپے 39 پیسے سے 1 روپے 68 پیسے تک مہنگی کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔ چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرِ صدارت بجلی مہنگی کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست کی سماعت کی گئی۔ حکومت کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے کہا کہ حکومت نے کہا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت غریب صارفین کو سبسڈی دیں گے۔ آپ کو 300 یونٹ والے صارفین کا تحفظ کرنا چاہیے تھا۔ یہ بہتر نہیں ہوتا کہ200 کے بجائے کم از کم 300 یونٹ والے صارفین کی بھی بچت ہو جاتی۔

راکھی ساونت کی پاکستانی اداکار جاوید شیخ کے ساتھ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل

موجودہ درخواست سے تو گھریلو صارفین کے لیے ایک روپے 68 پیسے تک اضافہ جائے گا۔ دوران سماعت پاور ڈویژن کے حکام نے کہا کہ اس وقت بجلی کا اوسط ٹیرف 13 روپے 97 پیسے فی یونٹ ہے، اس اضافے کے بعد بجلی کا اوسط ٹیرف 15 روپے 36 پیسے ہوجائے گا، حکومت ٹیوب ویل والوں کو 57 ارب روپے سبسڈی دے رہی ہے، 45 فیصد چھوٹے صارفین کو 6 روپے 53 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے جارہی ہے، حکومت اب بھی صارفین کو 168 ارب روپے کی سبسڈٰی دے رہی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے دوران سماعت کہا کہ بجلی کی پیداواری لاگت صارفین سے وصول کرنی ہے، دوسرے مرحلے میں سبسڈی میں مزید کمی کرکے اسے ٹارگٹڈ کرنا ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے سے حکومت کو 185 ارب روپ کی سبسڈی دینی پڑرہی ہے، ہمیں پہلے دو سو یونٹ والے صارفین کو تحفظ دینا ہے،اس وجہ سے گھریلو صارفین کے لیے ایک روپے اڑسٹھ پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے، انڈسٹری پراتنا زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے تاکہ وہ غیر مسابقتی نہ ہوجائیں، ٹیرف میں اوسط اضافہ ایک روپے 39 پیسے فی یونٹ بنتاہے اس وجہ سے انڈسٹری کے لیے ایک روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا ہے۔

تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی گئی، پاکستان میں بھی پیٹرول سستا ہونے کا امکان

چئیرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ہمیں صارفین کا تحفظ کرنا ہے اور بحیثیت چیئرمین میرے اس درخواست پر تحفظات ہیں۔غریب لوگوں پر اس کا زیادہ بوجھ پڑے گا۔ صارفین پر بوجھ ڈالا جارہا ہے اس لئے وہ تو بولیں گے۔ اس لئے بہتر ہو گا کہ حکومت اس درخواست پر نظر ثانی کرلے۔ تمام کیٹگریز کیلئے نہیں صرف 300 یونٹ والے صارفین کیلئے نظر ثانی کا کہہ رہاہوں۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ سبسڈی کا فیصلہ تو وفاقی حکومت نے ہی کرنا ہے، نیپرا اس پر کچھ نہیں کر سکتی۔ جس پر وزارت توانائی کے حکام نے نیپرا کو بتایا کہ100سے 200 یونٹ والے صارفین کو بجلی کی قیمت میں اضافے کے اثرات سے بچانا چاہتے ہیں۔ حکومت کا مقصد ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جانا ہے۔ اگر 300 تک والے صارفین کو اس ٹیرف سے بچاتے ہیں تو باقیوں پر بوجھ پڑتا ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ سطح پر بنیادی ٹیرف 13 روپے 97 پیسے ہے۔ بنیادی ٹیرف اضافے کے بعد 15 روپے 36 پیسے ہوجائے گا۔ مجموعی طور پر ٹیرف میں اضافہ ایک روپے 68 پیسے جبکہ کیٹگریز کے تحت ایک روپے 39 پیسے بنے گا۔ نیپرا نے ٹیرف میں اضافے پر سماعت مکمل کر لی ہے۔ نیپرااتھارٹیزجائزہ لیں گی کہ صارفین کی ہر کیٹگری پر کتنا اثر ہوگا؟ اعدادو شمار کے جائزے کے بعد ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نامحرم عورتوں کے ساتھ جنسی تعلقات حلال ہیں، مفتی عبد القوی کا فتوی

FOLLOW US