لاہور : رواں سال مون سون کچھ زیادہ ہی طویل ہو گیا، بارشوں کے سلسلے کے اختتام کی تاریخ بتا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے سیزن کے اختتام کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون سیزن کافی طویل ہو گیا، عمومی طور پر پاکستان میں مون سون بارشوں کا سیزن ستمبر کے وسط سے ختم ہونے لگتا ہے، تاہم رواں سال ملک میں اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے مون سون سیزن اپنے اختتام کے قریب پہنچے گا۔ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بھی ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ممکنہ طور پر یہ مون سون سیزن کی آخری بارش ہو گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی و وسطی پنجاب،کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، زیریں سندھ اور بلوچستان میں گرج چمک، تیزہواں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب،
زیریں بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ اور کشمیر میں اکثرمقامات پر تیزہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اس دوران چندمقامات پر موسلا دھار بار ش بھی ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لاہور میں 96 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اسلام آباد میں83 ، راولپنڈی چکلالہ53 ، حافظ آباد39 ، سیالکوٹ 28 ، گوجرانوالہ، قصور 25 ، چکوال17 ، خانپور15 ، منگلا 14 ، منڈی بہاوالدین 12 ، مری9 ، جہلم7 ، بہاولپور ایئرپورٹ7 ، نارووال6 ، ٹوبہ ٹیک سنگھ2 ، پسنی77 ، اورماڑا 55 ، جیوانی 46 ، گوادر 42 ، قلات7 ، تربت6 ، پنجگور، کوہلو5 ، بارکھان2 ، کاکول 25 ، لوئر دیر21 ، مردان 7 ، پٹن5 ، تخت بھائی، سیدو شریف4 ، مالم جبہ3 ، میرکھانی2 ، کالام، کوہاٹایک، گڑھی دوپٹہ 15 ، مظفر آباد12 ، راولاکوٹ7 ، کراچی 15 ، ٹھٹھہ اور دادو میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔