Monday January 20, 2025

آزاد کشمیر الیکشن، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد : آزاد کشمیر الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی، ویڈیو کے معاملے پر آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں انتخابی مہم کے دوران سڑک کی تعمیر کے لیے رقم تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، ویڈیو میں مبینہ طور پر علی امین گنڈا پور ڈڈیال میں نقد 5 لاکھ روپے دے رہے ہیں۔ اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزرا کوالیکشن کوڈ آف کنڈکٹ 2021 کی خلاف ورزی سے روکا جائے اور صوبائی وزرا کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کریں۔

توہین رسالت کا کیس واپس لینے کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا گیا، جھوٹی ایف آئی آر درج کروائی گئی

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر انتخابات کا آزادانہ و منصفانہ انعقاد یقینی بنائے، کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ریاستی وسائل استعمال نہ کیے جائیں جب کہ وفاقی، آزاد کشمیر اور صوبائی حکومتیں کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں، جس امیدوار کے حلقے میں خلاف ورزی ہوئی اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے ، اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 33 جب کہ مہاجرین جموں کشمیر کے 12 حلقوں میں انتخابات کا انعقاد ہوگا، حالیہ انتخابات میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں 28 لاکھ 17 ہزار 90 ووٹرز، جب کہ مجموعی طور پر 32 لاکھ 20 ہزار 546 کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹر کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اورخواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 743 ہے۔

FOLLOW US