Monday January 20, 2025

وزیراعظم عمران خان آج بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان آج بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے، اس سلسلے میں حکومت نے حکمت عملی طے کرلی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے لیے حکومت نے منصوبہ بندی کر لی ہے جس کے تحت وزیراعظم کی تقریر سے پہلے اجلاس کے حوالے سے اپوزیشن سے معاملات طے کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری کے بعد ایوان سے خطاب کریں گے۔ اسپیکر آفس نے اس معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حزب اختلاف وزیراعظم کی تقریر میں رکاوٹ نہ ڈالے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی بجٹ کامیابی سے پاس ہو گیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں شروع ہوا جس کے بعد اسمبلی اجلاس کی سربراہی اسد قیصر نے سنبھال لی اور قاسم سوری گنتی کیلئے ارکان میں شامل ہوگئے۔

بجٹ کی منظوری کے ہونے والے اجلاس میں شہبازشریف سمیت مسلم لیگ ن کے 70 اراکین قومی اسمبلی غائب رہے

وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا۔ بعد ازاں قومی اسمبلی نے فنانس بل 2021 کی کثرت رائے سے منظوری دی۔ اعتراضات مسترد ہونے پر اپوزیشن نے احتجاج بھی کیا۔ بجٹ منظوری کے موقع پرمسلم لیگ ن کے 84 میں سے صرف 14 ارکان حاضراور 70 غیر حاضر رہے۔ پیپلزپارٹی کے 56 میں سے 54 اراکین ایوان میں موجود تھے جبکہ 2 ارکان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث غیر حاضر رہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ 40 لاکھ لوگوں کو گھر ملے گا، صحت کارڈ ملے گا اور کاروبار کیلئے بلاسود قرضے ملیں گے تو اپوزیشن فارغ ہوجائے گی۔ان کا کہنا تھاکہ ڈیڑھ کروڑ افراد کی انکم پروفائل ہمارے پاس ہے، سالانہ ڈھائی کروڑ سے زائد آمدن والا اگر ٹیکس نہیں دے گا تو اسے گرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 74 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب کیلئے روڈ میپ رکھا گیا ہے، غربت کم کریں گے، چند سال میں خوشحالی ہوگی، ہم عمل کرنے والوں میں سے ہیں باتیں کرنے والوں میں نہیں۔

FOLLOW US