Wednesday May 1, 2024

جوہر ٹاؤن میں دھماکاحافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہوا علاقہ مکینوں نے مختلف خدشات کا اظہار کردیا

لاہور : لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں،جبکہ 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جس جگہ پر دھماکا ہوا وہ کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہیں تاہم حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔اردو پوائنٹ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شہری نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہوا ہے،انہیں گھر میں نظر بند کیا گیا ہے،حافظ سعید کے گھر کے باہر سیکیورٹی موجود ہوتی ہے اور اسی کے سامنے آج دھماکا ہوا ہے۔
حافظ سعید کی سیکورٹی کے لیے ایک گاڑی ہر وقت موجود رہتی ہے جبکہ پولیس بھی ہر وقت ان کی رہائش گاہ کے قریب ہوتی ہے۔

شہری کے مطابق گھروں میں لوہے کے پیس بھی گرے ہیں،میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ دھماکا گھر کے اندر ہو اہے لیکن دھماکا گاڑی کے اندر ہوا ہے اور بظاہر یہ گیس پائپ لائن پٹھنے کا دھماکا نہیں ہے۔دھماکے کے بعد آگ بھی لگ گئی اور دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ ہمارے گھر میں ہل گئے۔علاقے سے منتخب ہونے والے ایم پی اے نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ جس وقت دھماکا ہوا میں اسی وقت پہنچ گیا تھا،پولیس کے مطابق ہمارے دو لوگ بھی شہید ہو گئے ہیں،زخمیوں کی عیادت کرنے اسپتال جا رہا ہوں،دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تو ادارے ہی بتائیں گے تاہم مجھے یہ گیس سلنڈر دھماکا نہیں لگ رہا کیونکہ دھماکے سے پانچ سے چھ گھر تباہ ہوئے ہیں۔ جب رکن صوبائی اسمبلی سے علاقے میں حافظ سعید کی رہائش گاہ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا میرا نہیں خیال وہ ادھر رہتے ہیں۔ان کا گھر کسی دوسرے علاقے میں ہے۔

FOLLOW US