Friday May 17, 2024

انتخابی اصلاحات پر فضل الرحمان، نواز شریف اور مریم سے بات نہیں ہوگی ، حکومت کا واضح اعلان

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے انتخابی اصلاحات پر عوام کے منتخب نمائندوں کے سوا کسی سے بھی بات کرنے سے صاف انکار کر دیا ، وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود لوگ انتخابی اصلاحات پر بات کریں ، فضل الرحمان ، نواز شریف ، مریم سے بات نہیں کریں گے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی حمایت کی ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے خوفزدہ ہیں ، شاید وہ جانتے ہیں اوور سیز پاکستانی وزیر اعظم پر اعتماد کرتے ہیں ۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم ای وی ایم بنانے کی پوزیشن میں ہیں، چاہتے ہیں اگلے الیکشن سے پہلے ای وی ایم استعمال میں آئے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے ، سپریم کورٹ طے کرے گی کیا قانون سے متصادم ہے ،ایک ہزار ارب کی ترسیلات زر بھیجنا اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار ہے ، اوور سیزپاکستانیوں کی ترسیلات زر نے ملک کو بدل کر رکھ دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز بڑھ گئی ہیں لیکن زیر زمین پانی کی سطح کم ہو رہی ہے ، کابینہ اجلاس میں سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی موخر کی گئی ، گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے گندم کی درآمد کی منظوری دی گئی ہے ، ہمارے ہاں گندم کی فصل تاریخی ہوئی مگر آبادی میں تیزی سے اضافے کے باعث گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے ، ممنوعہ اسلحہ کی اجازت کے حوالے سے منظوری موخر کر دی گئی ۔

FOLLOW US