Tuesday May 14, 2024

خیبر پختونخوا کے ایم این اے کے بیٹے کی منگنی کی تقریب میں ایس او پیز کی خلاف ورزی

پشاور : خیبر پختون خوا میں اِن ڈور تقریبات پر پابندی کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے حاجی شوکت اللہ کے بیٹے کی منگنی کی تقریب ایک شادی ہال میں منعقد ہوئی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق کے پی میں حکومتی اراکین نے کرونا ایس او پیز کے باوجود ہفتے کو ایک شادی ہال میں منعقدہ منگنی کی تقریب میں شرکت کی، منگنی کی تقریب میں سیکڑوں دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ شیخ رشید بھی شریک تھے، معاون خصوصی کامران بنگش سمیت دیگر حکومتی اراکین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر سیلفیاں بھی لیتے رہے۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور اسد قیصر کے علاوہ کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا تھا، معاون خصوصی اطلاعات تقریب میں لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی لیتے رہے، تقریب میں کسی نے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا اور نہ ہی ماسک لگایا۔واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں صرف 150 مہمانوں کی ان ڈور تقریب کی اجازت ہے، نیز حکومتی وزرا عوام کو کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کا درس دیتے ہیں، لیکن خود ایس او پیز کی دھجیاں اڑاتے ہیں۔پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں شادی ہالوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی ہے، لیکن نجی شادی ہال میں منعقدہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

FOLLOW US