Tuesday May 7, 2024

بلاول بھٹو عوام کی بات انگریزی جبکہ امریکا کو اڈے نہ دینے کی بات اردو میں کرتے ہیں، حماد اظہر کا بلاول بھٹو کی تقریر پر جوابی وار

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی تقریر پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو عوامی بات انگریزی، امریکا کو اڈے نہ دینے کی بات اردو میں کرتے ہیں، ہمارے حلقوں میں پاگل کتوں کے کاٹنے اور ایڈز سے بیماریاں نہیں پھیلی، جس نے کبھی کاروبار نہیں کیا ، وہ نابالغ معیشت پر لیکچر دے رہا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن قائدین کی تقریروں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنے سے بات نہیں بنے گی، سینے پرکرپشن کے لگے داغ نہیں دھلیں گے۔ بلاول بھٹو عوام کی بات انگریزی میں اور امریکا کو اڈے نہ دینے کی بات اردو میں کرتے ہیں،لبرل جماعت کے قائد نے افغانستان والی بات انگریزی میں نہیں کی۔

ہمارے علاقوں میں پاگل کتوں کے کاٹنے سے بیماری نہیں پھیلی، نہ ہی ایڈز پھیلی ہوئی ہے، ہمارے حلقے موہنجوداڑوں کا منظر پیش نہیں کر رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں لوگوں نے منتخب کیا ہے، ہم 10 پرسنٹ اور 20 پرسنٹ سے نہیں آئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہی اور پیپلز پارٹی آئی ایم ایف کے پاس سب سے زیادہ گئی ہے ، 4 فیصد گروتھ پر انہیں بہت تکلیف ہورہی تھی، میں نے ڈیٹا نکالا ہے، پیپلز پارٹی دور کے پانچ سال میں ایک بھی سال ایسا نہیں تھا جس میں ایک فیصد گروتھ حاصل کرلیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں کتے کاٹنے سے کوئی بیماری نہیں پھیلی اور ہیپاٹائٹس بھی نہیں پھیلا، ہم ان سب چیزوں سے محفوظ ہیں اور ہمارے حلقے کے لوگ ہمیں بہت پیار محبت دیتے ہیں۔واضح رہے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ پی ٹی آئی حکومت کی بڑی کامیابی ہے، اقتصادی سروے سے معلوم ہوا کہ پاکستان میں گھوڑوں کی تعداد پہلے جتنی ہی ہے، لیکن گدھوں کی تعداد 1.6ملین تک پہنچ چکی ہے۔

FOLLOW US