Saturday May 18, 2024

بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی سابق چئیرپرسن فرزانہ راجہ اشتہاری قرار دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئے

اسلام آباد : اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3 میں محمد سلیم بیگ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ دوران سماعت جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کا شناختی کارڈ بلاک کیا جائے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ جج اصغرعلی نے کہا کہ فرزانہ راجہ کو ریفرنس سے الگ کرکے فردِ جرم کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کے مطابق انویسٹی گیشن کو کسی مرحلے پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے فرزانہ راجہ کو ریفرنس سے الگ کرکے فرد جرم کے لیے نئی تاریخ مقرر کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب تفتیشی کو بھی طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت میں شریک ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ۔ یاد رہے کہ احتساب بیورو نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا ، ریفرنس میں 19 ملزمان کو فریق بنایا گیا تھا۔ بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن پر اختیارات کےغلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ فرزانہ راجہ نے خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔
فرزانہ راجہ نے 4 اشتہاری کمپنیوں کو خلاف قانون ٹھیکے دیئے۔ نیب راولپنڈی نے ریفرنس دائر کیا جس کی چئیرمین نیب نے 3 دسمبر2019ء کو منظوری دی تھی۔ کرپشن کے ریفرنس میں فرزانہ راجہ کے اشتہارات جاری کیے گئے تھے اور انہیں مہلت دی گئی تھی کہ عدالت کے سامنے خود کو پیش کریں۔ فرزانہ راجہ کی جانب سے بارہا کہا گیا تھا کہ وہ بیرون ملک ہیں اور واپس نہیں آسکتیں، اسی لیے ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کی جائے۔

FOLLOW US