Sunday January 19, 2025

بجلی صارفین کیلئے بری خبر۔۔غریب اور متوسط صارفین سے سستی بجلی کی سہولت واپس لینے کا فیصلہ

لاہور : 25 لاکھ صارفین کے بلز پر فی یونٹ 2 سے 5 روپے کی سبسڈی ختم کرنے کا پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں 699 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بلوں سے حکومتی سبسڈی بتدریج واپس لے لی جائے گی۔ بجلی کے بلوں پر سبسڈی کا مرحلہ وار خاتمہ صارفین پر بجلی بن کر گرے گا، بلوں پر سبسڈی ختم ہونے سے لیسکو کے مجموعی طور پر 37 لاکھ صارفین سے سستی بجلی کی سہولت چھین لی جائے گی، جن میں پچیس لاکھ شہر کے گھریلو صارفین شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی کے چار لاکھ تراسی ہزار صارفین پچاس یونٹس تک بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ تین لاکھ اکتیس ہزار صارفین سو یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق کمپنی میں نو لاکھ سے زائد صارفین دو سو جبکہ آٹھ لاکھ بہتر ہزار صارفین تین سو یونٹس استعمال کرتے ہیں ، لیسکو کے چار لاکھ چھیانوے ہزار صارفین چار سو یونٹس تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔ دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الوقت مؤخر کردیا گیا ہے، آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائےگا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ میں بتایا کہ سیلز ٹیکس میں کمی کی تجویز پر غور کیا جارہاہے ، وزیر خزانہ سیلز ٹیکس پر انعامی اسکیم لانے کی تجویز دے رہے ہیں، جس کا فائدہ خریدار کو ہوگا۔

FOLLOW US