Sunday January 19, 2025

مریم نواز کو گرومنگ کی ضرورت ہے چوہدری نثار سے رابطوں سے متعلق شہباز شریف کا موٴقف سامنے آگیا

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اداروں سے مل کر ایک روڈ میپ بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو منانے کے لیے لندن جاؤں گا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز سیاست دان ہیں ،ان کو گرومنگ کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بطور والد اور میں بطور چچا ان کی گرومنگ کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ چوہدری نثار کے حلف لینے سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔چوہدری نثار میرے نہیں نواز شریف کے دوست تھے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی مجھ سے پہلے مخالفت پر دوستی ہوئی۔، چودھری نثار سے 30 سالہ تعلق غلط موڑ پر ٹوٹا، حلف پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، کوئی ایک جماعت کسی کو نکالنے یا رکھنے کی مجاز نہیں ہے۔ میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ عدالت نے میرٹ پر میری ضمانت منظور کی، ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ میرے خلاف کیسز بلا جواز ہیں۔حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ نیب نے صاف پانی کیس میں بلایا اور آشیانہ میں گرفتار کیا۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ باقاعدگی سے ٹیکس جمع کراتا ہوں۔ نیب نے اعتراف کیا کہ مجھ پر ناجائز آمدن کا کوئی ثبوت نہیں، اپنے دور میں 3 ہزار 300 ارب کے منصوبے مکمل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال اپنے اثاثوں کی تفصیلات ایف بی آر میں جمع کراتا ہوں۔ حکومت نے 3 سال میں میرے اور نواز شریف کیخلاف کیسز بنائے۔ حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ 3 سال بڑا عرصہ ہوتا ہے، 56 کمپنیوں کا کیس کہاں گیا؟اپنی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب نے 5 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے۔ بجلی کے منصوبوں سے پاکستان کا فائدہ ہوا۔ بجلی کے منصوبے دنیا کے سستے ترین ہیں۔ ملتان میٹرو میں دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ ماضی کے مقابلے میں بجلی کے سستے ترین منصوبے لگائے۔ ہم نے 31 جولائی 2018ء سے پہلے لوڈشیڈنگ ختم کر دی تھی۔

FOLLOW US