کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دےدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی مارا ماری ہے،روزانہ کی بنیاد پر تین ،تین چار ،چار لاکھ کیس سامنے آ رہے ہیں ،شہباز شریف پاکستان میں انڈیا والا ماحول بنانا چاہتے تھے،اس نے آخری فلائٹ کو مینج کیا ،اس کے خیال میں پاکستان میں بھی قبرستانوں میں انبار ہوں گے لیکن اللہ نے کرم کیا اور پاکستان میں این سی او سی نے کوویڈ 19 کے حوالے سے کمال کا کام کیا ہے،میں انہیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ اس ملک میں صرف مال بنانے کے لئے چاہتے ہیں ،نواز شریف کو باہر جانے کے لئے میں نے بھی ووٹ دیا تھا ۔دوسری طرف نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف کا نام پیر کی صبح ای سی ایل میں ڈال دیا جائے گا، اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے حتمی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام عید کی چھٹیوں کے بعد ای سی ایل میں ڈالا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم چاہتے تھے کہ یہ تاثر ہر گز نہ جائے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران اپوزیشن لیڈر کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔