Friday May 17, 2024

اپوزیشن کی جتنی گرفتاریاں ہونی تھیں ہوچکی ہیں، فواد چودھری اب اپوزیشن کی گرفتاریاں نہیں صلح کا ہاتھ بڑھایا ہے، شہبازشریف سے اچھی توقعات ہیں

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جتنی گرفتاریاں ہونی تھیں ہوچکی ہیں، اپوزیشن کی گرفتاریاں نہیں صلح کا ہاتھ بڑھا یا ہے، شہبازشریف سے اچھی توقعات ہیں، شہبازشریف کو چاہیے انتخابی اصلاحات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسمبلیاں توڑنے کا اس وقت کوئی فائدہ نہیں ہوگا، کیونکہ فوراً الیکشن میں جانا ہوگا، پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی پارٹی اس پوزیشن میں نہیں کہ ساری 700سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرسکے، پیپلزپارٹی سندھ ، مسلم لیگ ن سنٹرل پنجاب کی جماعت بن گئی ہے، مسلم لیگ ن 500، پیپلزپارٹی 300سے زیادہ امیدوار کھڑے نہیں کرسکتی۔

اس لیے پی ٹی آئی کو کمزور سمجھنا غلط ہے۔ میرے تایا گورنر رہ چکے ہیں، میں نے حکومتوں کو بنتے گرتے دیکھا ہے، جتنی سپورٹ اسٹیبلشمنٹ نے موجودہ حکومت کو دی کسی کو نہیں دی،اسٹیبلشمنٹ فوج اور عدلیہ ہے، اس کو دوسرے رخ سے دیکھیں تو فوج اور عدلیہ مڈل کلاس کے منظم ادارے ہیں، پی ٹی آئی مڈل کلاس کی جماعت ہے۔ یورپی یونین کے تحفظات درست نہیں ہیں، کیونکہ ٹی ایل پی کے خلاف تو حکومت نے خود بڑی کاروائی کی ہے، حکومت کی یہ بڑی ذمہ داری ہے، حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی سے پابندی ہٹائی نہیں جارہی، لیکن ان کے پاس قانونی حق ہے، وہ عدالت جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے گروپ کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات ہوئی ، وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقات ہوں گی، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ سیاسی محرکات ہیں تو اس کو دیکھنے کیلئے علی ظفر کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ جہانگیرترین سمیت عمران خان کی حکومت کو کوئی بھی غیرمستحکم نہیں کرنا چاہتا۔فواد چودھری نے کہا کہ شہبازشریف سے اچھی توقعات ہیں، شہبازشریف کو چاہیے کہ انتخابی اصلاحات پر سنجیدہ مظاہرہ کریں، وہ اس کو دیکھیں اگر بہتری کی تجویز ہے تو پیش کریں، اپوزیشن کی جتنی گرفتاریاں ہونی تھیں ہوچکی ہیں، اپوزیشن کی گرفتاریاں نہیں صلح کا ہاتھ بڑھا یا ہے۔

FOLLOW US